بغداد میں منعقدہ چوتھی عرب میڈیا کانفرنس میں حرم امام حسین علیہ السلام کی بھرپور شرکت
حرم امام حسین علیہ السلام کے میڈیا وِنگ کے ایک وفد نے بغداد میں منعقدہ چوتھی عرب میڈیا کانفرنس میں شرکت کی، جو عرب ریاستوں کے نشریاتی اتحاد اور عراقی میڈیا نیٹ ورک کے باہمی تعاون سے منعقد ہوئی
اس کانفرنس میں حرم کے ذیلی ادارے بین الاقوامی میڈیا سینٹر کے وفد نے شرکت کی۔ وفد میں میڈیا ڈپارٹمنٹ کے معاون سربراہ حسن نعمہ، بین الاقوامی میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر حیدر منکوشی، اور حرم کے مشیر ڈاکٹر خلیل الطیار شامل تھے
کانفرنس کا مرکزی محور ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے میں میڈیا کا کردار تھا، اور اس مقصد کے لیے مختلف ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا
افتتاحی اجلاس میں عراقی میڈیا نیٹ ورک کے سربراہ کریم حمادی اور وزیرِاعظم کے مشیر ڈاکٹر عارف الساعدی نے خطاب کیا۔
اس کے بعد شریک مہمانوں نے بھی اظہارِ خیال کیا، جس میں مختلف تحقیقی مقالے اور سائنسی آراء پیش کی گئیں۔ ان میں مقامی و بین الاقوامی اداروں کے ماحولیات سے متعلق شعور بیدار کرنے میں کردار، اور ماحول و آب و ہوا کے مسائل کی میڈیا کے ذریعے مؤثر پیروی اور تشہیر کے لیے قوانین سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی
کانفرنس کے اختتام پر کئی اہم سفارشات پیش کی گئیں۔ ان میں نمایاں سفارشات یہ تھیں: ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل کو قومی میڈیا کے پلیٹ فارمز کا حصہ بنانا، درست ماحولیاتی معلومات تک رسائی کو آسان بنانا، اور سرکاری اداروں اور میڈیا کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا تاکہ ماحولیاتی آفات سے متعلق بروقت انتباہ جاری کیے جا سکیں
بیان میں مزید کہا گیا کہ عرب ممالک میں یکساں انتباہی نظام اپنایا جائے تاکہ علاقائی سطح پر مربوط ردِعمل ممکن ہو، اور ماحولیات سے متعلق آگہی کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔ اس کے علاوہ، ماحولیاتی تبدیلی پر تحقیق کی حوصلہ افزائی، اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے ماحولیاتی ڈیٹا کے تجزیے اور آفات کی پیش گوئی میں اس کا استعمال بڑھانے کی سفارش بھی کی گئی۔
اختتامی بیان میں ماحولیاتی و موسمی مسائل پر مؤثر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کے لیے ایوارڈز مختص کرنے، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو سراہنے، اور نوجوانوں و بچوں کو شامل کرتے ہوئے شعور کی بیداری کی سرگرمیوں کے انعقاد کی سفارش بھی کی گئی، تاکہ اس عالمی مسئلے کے خطرات کے تدارک کے لیے ایک پائیدار فکری بنیاد فراہم کی جا سکے۔