محکمہ صحت کربلاء کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر زائرین کے لیے جامع طبی منصوبے کا اعلان
عید الفطر کے دوران امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لیے کربلاء آنے والے زائرین کی سہولت کے پیش نظر محکمہ صحت نے ایک جامع طبی منصوبے کا اعلان کیا ہے
محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر صباح الموسوی نے کہا کہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی سیکشن چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے، جہاں ماہرینِ طب، بشمول امراضِ باطنی، اطفال، جراحی اور گائناکالوجی کے ماہرین، موجود ہوں گے تاکہ مریضوں کا فوری معائنہ اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ایکسرے سیکشن، پبلک ہیلتھ لیبارٹریز اور تمام طبی شعبوں میں ہنگامی طبی مراکز کو فعال کیا جائے گا
موسوی نے وضاحت کی کہ پچپن میڈیکل ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ بازاروں، ہوٹلوں، شاپنگ مالز اور تفریحی مقامات پر فروخت ہونے والی خوراک اور مشروبات کی جانچ کی جا سکے۔ اسی طرح، پانی کی فراہمی کی نگرانی کے لیے پانی اور ماحولیاتی محکموں کے ساتھ مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی زہریلے مواد کے ممکنہ خطرے کا فوری پتہ لگایا جا سکے اور امام حسین میڈیکل سٹی کے ایمرجنسی وارڈ میں متاثرہ افراد کا بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے
انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں اور طبی مراکز کی مسلسل سروس کو یقینی بنانے کے لیے ادویات، خون کی بوتلوں اور آکسیجن کا مناسب ذخیرہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، آگ بجھانے کے نظام کی نگرانی اور صحت کے اداروں میں حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔