نیمہ شعبان کو امام حسین علیہ السلام کی زیارت کو آنے والے زائرین کے لئے حرم امام حسین کی جانب سے مثالی انتظامات مکمل
کربلا: حرم امام حسین علیہ السلام نے نیمہ شعبان کی تاریخی زیارت کے موقع پر زائرین کے لیے مکمل سیکیورٹی، صحت اور خدمات کے انتظامات کا اعلان کر دیا ہے
روضہ مبارکہ کے نائب سیکرٹری جنرل محمد حسن بحر العلوم کے مطابق، اس سال ہزاروں زائرین کو پرامن اور آرام دہ زیارت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے
بحر العلوم نے بتایا کہ زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔ کربلا آنے والے قافلوں کی روانگی اور آمد کو منظم کرنے کے ساتھ ساتھ پارکنگ اور داخلی راستوں کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے روضہ مبارکہ کی جانب سے مخصوص گاڑیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے
مزید برآں کہ صحت کے شعبے میں جدید میڈیکل سامان سے لیس ایمرجنسی ٹیمیں اور ایمبولینسز 24 گھنٹے فعال رہیں گی۔ ہسپتالوں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طبی امداد کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کے لیے مضیف امام حسین علیہ السلام میں مفت کھانے کی تقسیم کا بندوبست کیا گیا ہے، جبکہ رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد زائرین کی رہنمائی اور خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہوگی۔ بحر العلوم نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ مقررہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ یہ روحانی زیارت پرامن طریقے سے مکمل ہو سکے
نیمہ شعبان کے موقع پر دنیا بھر سے لاکھوں شیعہ زائرین کربلا پہنچتے ہیں، جس کے پیشِ نظر ہر سال روضہ مبارک کی انتظامیہ خصوصی اقدامات کرتی ہے
اس سال بھی تمام تر تیاریوں کے ساتھ اس عظیم الشان زیارت کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔