عراق: مردم شماری میں غیر ملکیوں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا

2024-11-17 06:19

عراق کے محکمہ شماریات کے ترجمان، عبدالزہرا الہنداوی نے اعلان کیا ہے کہ 2024 کی مردم شماری میں عراق کے شہریوں کے ساتھ ساتھ ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یہ مردم شماری 27 سال کے وقفے کے بعد منعقد ہو رہی ہے اور اس میں ان غیر ملکیوں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا جو اس وقت عراق میں موجود ہیں۔

تاہم، ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے مردم شماری فارم میں وہ تمام سوالات شامل نہیں ہوں گے جو عراقی عوام کے لیے ہیں۔ غیر ملکیوں کے لیے سوالات محدود اور ان کے پیشے سے متعلق ہوں گے، چاہے وہ سفارتی عملے کے رکن ہوں، کسی کمپنی میں ملازم ہوں، ڈاکٹر ہوں، یا طالب علم۔

وزارت منصوبہ بندی کے ترجمان نے مزید کہا کہ مردم شماری میں عراق کی سرحدوں کے اندر رہنے والے تمام افراد کو شامل کیا جائے گا، لیکن سوالات کی نوعیت میں فرق ہوگا۔ غیر ملکیوں کو صرف مخصوص سوالات کے ذریعے شمار کیا جائے گا۔

یہ مردم شماری 20 اور 21 نومبر کو تمام عراقی صوبوں میں منعقد ہوگی، جس کے دوران بین الصوبائی کرفیو نافذ کیا جائے گا۔ اس اہم عمل کے لیے تقریباً 1,20,000 افراد کو تعینات کیا جائے گا۔ وزارت منصوبہ بندی نے تصدیق کی ہے کہ یہ مردم شماری نہ صرف آبادی کی صحیح تعداد معلوم کرنے میں مدد دے گی بلکہ زندگی کے معیار کا جائزہ لینے اور ترقیاتی مقاصد کے لیے سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

مشھدی


العودة إلى الأعلى