چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا دورۂ عراق

2026-09-05 13:41

نجفِ اشرف: پاکستان کے ممتاز عالمِ دین اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نجف اشرف میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس میں شرکت کی

دارالعلم امام الخوئی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی سالانہ بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس میں مختلف مذاہب و مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما، دانشوروں اور مذہبی و علمی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں، عصرِ حاضر میں اسوۂ نبوی کی معنویت اور امتِ مسلمہ کو درپیش فکری و سماجی چیلنجز پر اظہارِ خیال کیا گیا

دورۂ عراق کے دوران ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مختلف علمی، دینی اور فکری سرگرمیوں میں شرکت کے علاوہ عراق کی اہم مذہبی، سیاسی، علمی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے دارالعلم امام الخوئی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں، مختلف شعبہ جات اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

اس موقع پر پاکستان اور عراق کے علمی و دینی اداروں کے درمیان روابط کے فروغ، باہمی تعاون اور علمی و فکری تبادلے کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر گفتگو ہوئی

انہوں نے مکتبۂ امام الخوئی کا بھی دورہ کیا، جہاں موجود علمی و تحقیقی ذخیرے، نادر کتب اور تاریخی مصادر کا مشاہدہ کیا۔ بعد ازاں امام الخوئی کے شخصی آثار و متعلقات پر مشتمل میوزیم کا دورہ کیا، جہاں ان کی علمی، دینی اور حوزوی خدمات سے متعلق محفوظ تاریخی آثار کا جائزہ لیا

عراق میں قیام کے دوران ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نجفِ اشرف، کاظمین، بغداد اور کربلائے معلّیٰ کے مقدس مقامات پر حاضری دے کر زیارت کا شرف بھی حاصل کیا

دورۂ عراق کے دوران انہوں نے مختلف علمی، مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور عراق کے درمیان دینی و علمی روابط کے فروغ، بین المسالک ہم آہنگی، باہمی احترام، علمی و فکری تبادلے اور مشترکہ علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا

اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ عالمِ اسلام کے مختلف علمی و دینی مراکز کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عصرِ حاضر کے فکری، سماجی اور تہذیبی چیلنجز کا علمی بنیادوں پر مؤثر مقابلہ کیا جا سکے، جبکہ امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد، مکالمے، اعتدال، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو مزید فروغ دیا جا سکے

المرفقات

العودة إلى الأعلى