اسلام آباد: او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین اختتام پذیر، پاکستان نے دو سالہ سربراہی سنبھال لی

2026-07-14 09:02

اسلامی تعاون تنظیم کی خواتین سے متعلق 9ویں دو روزہ وزارتی کانفرنس پیر کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی

کانفرنس میں ترکی، سعودی عرب، عراق سمیت او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے وزرا، اعلیٰ حکام اور مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر پاکستان نے آئندہ دو برس کے لیے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی سربراہی باضابطہ طور پر سنبھال لی

کانفرنس سے چیئرمین سینیٹ، سابق وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، اسلامی تعاون تنظیم کے عہدیداران اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے مندوبین نے خطاب کیا

اختتامی اجلاس کے بعد او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل طارق علی بخیت، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دیگر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ دو سال کے لیے کانفرنس کی سربراہی سونپ دی گئی ہے، جو رکن ممالک کے پاکستان پر اعتماد کا واضح اظہار ہے

انہوں نے او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ، رکن ممالک، شراکت دار ممالک، وزرا، وفود کے سربراہان اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور اور فعال شرکت کے باعث یہ دو روزہ کانفرنس کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچی

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اختتامی اجلاس میں کانفرنس کی مشاورت کے نتائج کی متفقہ منظوری دی گئی، جس میں رکن ممالک نے مسلم دنیا میں خواتین کے معاشی، سیاسی اور سماجی اختیارات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا

انہوں نے مزید کہا کہ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خواتین کو قومی ترقی کے عمل میں مکمل اور مؤثر طور پر شریک کیا جائے، تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ متوازن، خوشحال اور جامع معاشروں کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں

المرفقات

العودة إلى الأعلى