مؤسسۂ الکوثر میں عیدِ سعیدِ غدیر کی مناسبت سے پُروقار جشن کا انعقاد
حرمِ امام حسینؑ کے شعبۂ معاہد دینیہ کے مسئول جناب شیخ احمد العاملی کا خصوصی خطاب
عیدِ سعیدِ غدیر کی بابرکت مناسبت سے مؤسسۂ الکوثر نجف اشرف میں ایک پُرنور، روح پرور اور معنویت سے بھرپور جشنِ ولایت کا انعقاد کیا گیا، جس میں حرمِ امام حسینؑ کے شعبۂ معاہد دینیہ کے مسئول، جناب الشیخ احمد العاملی دام عزہ نے خصوصی خطاب فرمایا
اپنے خطاب میں شیخ احمد العاملی دام عزہ نے واقعۂ غدیر کی عظمت، اہمیت اور افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ غدیر محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ ہدایتِ بشریت کے لیے اللہ تعالیٰ کا ایک جامع اور ابدی منصوبہ ہے، جو نظامِ ولایت کی بنیاد اور امتِ مسلمہ کے لیے رہنمائی کا روشن منشور ہے
انہوں نے زور دے کر کہا کہ غدیر کے پیغام کو صرف جشن و سرور اور اظہارِ مسرت کی محافل تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔ اگرچہ عیدِ غدیر کی خوشیاں منانا ایک عظیم دینی عمل اور باعثِ سعادت امر ہے، تاہم اس سے بڑھ کر ضروری یہ ہے کہ غدیر کے آفاقی پیغام، تعلیماتِ ولایت اور سیرتِ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے اور ان تعلیمات کو معاشرے میں عام کیا جائے
انہوں نے مزید کہا کہ غدیر درحقیقت حق، عدل، قیادت اور الٰہی رہنمائی کا ایسا ابدی پیغام ہے جو ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور اس کے تقاضوں پر عمل ہی حقیقی معنوں میں غدیر سے وفاداری کا مظہر ہے
اس موقع پر حوزۂ علمیہ کے علماء کرام، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور جشنِ غدیر کی بابرکت محفل میں اپنے عقیدت و محبت کا اظہار کیا
شرکائے محفل نے اس علمی، فکری اور معنوی پروگرام سے بھرپور استفادہ کیا اور عیدِ غدیر کی روحانی فضا میں اپنے ایمان، معرفت، ولایت اور اہلِ بیتؑ سے وابستگی کے عہد کی تجدید کی



