آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نےایشیائی وفود سے ملاقات کے دوران اہل بیت علیہم السلام سے حقیقی وابستگی کے لیے عملی ایمان پر زور
نجف اشرف : آیت اللہ العظمیٰ شیخ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے ایران، پاکستان، اور ہندوستان سے آئے وفود سے ملاقات کے دوران اہل بیت علیہم السلام سے حقیقی ولاء اور ایمان کے تحقق کے لیے عملی ایمان اور صالح کردار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے فرمایا کہ مومن تب ہی ایمان اور اہل بیت علیہم السلام سے سچی وابستگی حاصل کر سکتا ہے جب وہ نیک کردار اختیار کرے اور دوسروں کی غلطیوں سے درگزر کرے۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نے عراق کی دینی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سرزمین پر اہل بیت علیہم السلام کے چھ آئمہ علیہم السلام اور انبیاء و اولیاء کے مزارات واقع ہیں، جن کی بدولت عراق، بالخصوص نجف اشرف جہاں امام علی علیہ السلام کا روضہ موجود ہے، عالم اسلام میں ایمان کا مرکز اور علمی حوزات کا محور بن چکا ہے۔
انہوں نے زائرین کو نصیحت کی کہ آئمہ اطہار علیہم السلام کے مقدس مقامات کی زیارت کو اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی اور اصلاح کا ذریعہ بنائیں۔
اس موقع پر مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے وفود کے عقائدی اور فقہی سوالات کے جوابات دیے اور آخر میں مومنین کے لیے ہدایت، ثابت قدمی، اور قبولیت اعمال کی دعا کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ امت مسلمہ کو دشمنوں کی سازشوں سے محفوظ رکھے۔
ابو علی