حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے محرم کی مناسبت سے تبلیغی کانفرنس کا انعقاد
حرم امام حسین علیہ السلام کے صحن میں موجود خاتم الأنبياء آڈیٹوریم میں شعبہ امور دینیہ کے زیر اہتمام سالانہ تبلیغی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ملک بھر سے مبلغین و مبلغات نے شرکت کی
اس کانفرنس کا عنوان ،ممبر حسینی اور ہماری ذمہ داریاں ، تھا۔
شعبہ امور دینیہ کے سربراہ علامہ شیخ احمد صافی حفظہ اللہ نے کربلاء انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں ملک بھر سے مبلغین و مبلغات نے شرکت کی جو کار رسالت کو انجام دینے کے لئے میدان میں موجود ہیں اور محمد و آل محمد علیہم السلام کی تعلمیات کو لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم کے مہینے سے پہلے حوزہ علمیہ کے علماء فضلاء پیغام عاشورا کو پہنچانے کے لئے نجف اشرف میں موجود مرجع دینی اعلی دام ظلہ الوارف کے حکم پر اس اجتماع کا انعقاد کرتے ہیں۔
دوسری جانب شعبہ امور دینیہ کے معاون علمی جناب شیخ احمد عاملی نے کہا اس تبلیغی کانفرنس میں کئی محور زیر بحث رہے جن میں سے کچھ خطبا و اہل ممبر کے ساتھ مختص تھے اور کچھ معاشرے سے مربوط تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے قیام کا مقصد لوگوں تک پہنچانے میں ممبر حسینی کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔
پس ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں حقیقی معنوں میں پیغام حسینی کو لوگوں تک پہنچانے اور دین محمدی کو پھیلانے میں اپنا پر خلوص کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیغام عاشورا صرف ایک رسم کی حد تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کی کئی جہات ہیں جن میں سے ایک امام عالی مقام علیہ السلام سے تجدید عہد کرنا ہے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھانا ہیں اور اصل دین محمدی کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہے۔
کانفرنس سے شیخ عدنان اسدی حفظہ اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرم امام حسین علیہ السلام میں منعقدہ یہ سالانہ تبلیغی کانفرنس مبلغین اور مبلغات کے لیےتجدید عہد و حمیت کا سبب بنتی ہے اور پیغام حسینی کو لوگوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دور حاضر میں ذرائع ابلاغ نئی نسل کو تباہ کرنے کے تمام لوازمات فراہم کررہا ہے۔ایسے میں محرم اور عاشورا تبلیغ کے لیے بہت بڑا ذریعہ ہے۔