دس منٹ کی ہی احتیاط کیوں؟ دو تین منٹ یا آدھا گھنٹہ کی احتیاط کیوں نہیں؟

2024-03-14 22:33

کیا احتیاط مکلف کے ذوق کا مسئلہ ہے؟

تحریر: محمد تقی ہاشمی متعلم حوزہ علمیہ نجف اشرف

روزہ بند کرنے کا وہی وقت ہے جو نماز فجر کا وقت ہے۔ نماز فجر کا وقت تمام مسلمانوں کے ہاں بالاتفاق طلوعِ فجر صادق ہے ، فجر صادق افق پر پھیلی ہوئی وہ روشنی ہے جو فجر کاذب کی لمبی روشنی کے کچھ منٹ بعد ظاہر ہوتی ہے۔

آج کل کے زمانے میں بجلی اور لائیٹس کی وجہ سے چونکہ اس روشنی کو دیکھنا مشکل ہے ، تو تمام لوگ ماہرین فلکیات کی ڈگری کے حساب سے اس فجر صادق کی تشخیص کر لیتےہیں۔

اب مشکل تو یہاں کھڑی ہوجاتی ہے کہ دنیا کے ماہرین فلکیات کسی ایک ڈگری پر اتفاق نہیں کرتے، بلکہ 15 ڈگری سے لیکر 20 ڈگری تک کا اختلاف سامنے آتا ہے۔ اسے کہتے ہیں سائنسدانوں کا اختلاف۔

ماہرین فلکیات میں سے مشہور نظریہ جو تمام سافٹوئیر میں بائی ڈیفالٹ default settingsسیٹنگ میں آتاہے وہ 18 ڈگری کا ہے کہ جسے مسلم ورڈ لیگ اور کراچی یونیورسٹی اور بہت سارے ماہرین فالو کرتے ہیں ۔

لہذا اسی 18 کی ڈگری پر فجر صادق کے اوقات سافٹوئیر یا آپ کی ایپلیکیشن میں موجود ہوتے ہیں۔

تو اگر کسی کو 18 ڈگری پر مکمل اطمئنان ہو تو اس کی پریشانی ختم ، لیکن عام طو پر چونکہ اس ڈگری کے مخالفین بہت سارے ماہرین موجود ہیں تو یہ اطمینان پریکٹیکل حاصل نہیں ہو پاتا، جیسے نارتھ امیرکن والے 15 ڈگری کے اور لیوا قم کا انسٹیٹیوٹ 16 ڈگری اور تہران یونیورسٹی 17 پوائنٹ 7 ڈگری اور کچھ دیگر 20 ڈگری تک بھی قائل ہیں۔ْ

لہذا 15 سے لیکر 20 ڈگری تک کے فجر صادق ہونے کے ڈگری اینگل موجود ہیں۔ ہاں 15 سے کم تر نہیں اور 20 سے زیادہ کا نہیں ہے۔

اب ان میں احتیاط اگر کوئی کرنا چاہے تو مشہور نظریہ 18 ڈگری سے یوں احتیاط بنے گی

اگر تو ہم مشہور بائی ڈیفالٹ سیٹنگ سے کم ترین زاویہ 15 ڈگری کو دیکھیں تو 14 سے 15 منٹ کا فرق پڑے گا۔

 اور بائی ڈیفالٹ 18 ڈگری سے زیادہ 20 ڈگری کو دیکھیں تو 9 سے 10 منٹ کا فرق پڑے گا۔ یہ فرق موسمی تبدیلی کے اعتبار سے ایک دو منٹ کے فرق سے ہو سکتا ہے۔

 لہذا روزہ بند کریں گے تو دس منٹ کی احتیاط سے اور نماز فجر پڑھیں گے تو پندرہ منٹ کی احتیاط سے۔

 پس اسی وجہ سے نجف اشرف میں جب بھی سحر و افطار کے اوقات مکتب سید سیستانی دام ظلہ العالی سے نشر کئے جاتےہیں تو وہاں مؤمنین کو یہ بتایا جاتا ہے کہ نماز فجر کے وقت کو ہم مشہور زاویہ18 ڈگری کے مطابق لکھ رہے ہیں ،

لہذا یہ احتیاط بہتر ہے کہ اس سے دس منٹ پہلے آپ روزہ بند کریں، پس دس منٹ پہلے وقت امساک یعنی روزے بند کرنے کا وقت لکھا جاتا ہے اور پھر یہ بھی لکھا جاتا ہے کہ جسے مشہور نظریہ18 ڈگری پر اطمئنان نہیں اس کےلئے ضروری ہے کہ وہ نماز فجر کے مشہور وقت کے پندرہ منٹ بعد نماز فجر ادا کرے ۔

پس یہ دس منٹ یا نماز پڑھنے میں پندرہ منٹ کی احتیاط ماہرین فلکیات کے تمام اقوال میں جمع بندی کا نتیجہ ہے ۔ یہ سید سیستانی دام ظلہ العالی یا کسی مولانا کے ذاتی ذوق کا نتیجہ نہیں ہے تاکہ آپ کہیں کہ بھائی احتیاط کرنی ہے تو دو یا تین منٹ کی کر لو یا پھر آدھا گھنٹہ کی کر لو۔

العودة إلى الأعلى