دار القرآن الکریم کی طرف سے پہلی بین الاقوامی قرآنی کانفرنس کا انعقاد ۔
حرم امام حسین علیہ السلام کے زیر انتظام دار القرآن الکریم نے جامعہ الزہراء کے ام ابیھا آڈیوٹوریم میں اسلامی دنیا کی اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی قرآنی کانفرنس کا انعقاد کیا ۔جس میں 16 ممالک سے زائد شخصیات نے شرکت کی۔
دار القرآن الکریم کے سربراہ ڈاکٹر شیخ خیر الدین الھادی نے کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا: “قرآن مجید سے محبت اور اسلامی دنیا میں قرآنی پیغام کو پھیلانے میں کردار ادا کرنا تقویٰ کے اہم ترین مظاہر میں سے ایک مظہر ہے ۔ یہ خصوصی قرآنی کانفرنس دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے جو قرآن سے محبت کرنے والوں کی توجہ کا مرکز ہوگی۔ کانفرنس میں پیش کیے جانے والے مختلف قرآنی پروگرامز اور لیکچرز قرآن کو سمجھنے کے لئے انتہائی مفید ثابت ہو نگے۔ اس طرح کی کانفرنسوں اور قرآنی مقابلوں سے نئی نسل میں رغبت پیدا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا، "آج ہم ایک نئے مرحلے میں داخل ہوئے ہیں ، جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ادارہ جاتی کام میں پختگی کا مرحلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے ادارے نے 67 سال سے زائد عرصے سے بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کے مختلف کورسز و تجربات کو پیش کیا ہے ،جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے 45 سال سے زائد اور اردن کی ہاشمی سلطنت نے 28 سال سے زائد عرصے سے کی جانے والی خدمات پیش کی ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب، مراکش، الجزائر، کویت ، بحرین اور مختلف اسلامی ممالک کے قرآنی مقابلوں کو بھی دیکھ کر اس پروگرام کو ڈیزاین کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مفید ثابت ہو۔
واضح رہے کہ قرآنی کانفرنس کی فعالیات دار القرآن الکریم کی بلڈنگ میں مسلسل چار روز تک جاری رہیں گی۔