حرم امام حسین ع کی جانب سے بابل میں ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر کا آغاز
عراق کے صوبہ بابل میں نادار اور مستحق خاندانوں کے لیے حرم امام حسین ع کی جانب سے ایک جدید ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے
اس منصوبے کا مقصد ضرورت مند خاندانوں کو رہائش سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور ان کے لیے ایک باوقار زندگی کے مواقع مہیا کرنا ہے
مرجعیت اعلی کے نمائندے شیخ عبدالمہدی کربلائی اور حرم امام حسین علیہ السلام کے سیکریٹری جنرل حسن رشید جواد العبایجی کی ہدایات پر حرم مطہر کے شعبۂ انجینئرنگ و تکنیکی منصوبہ جات نے اس رہائشی منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے
حرم امام حسین علیہ السلام کی سرکاری ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شعبۂ انجینئرنگ و تکنیکی منصوبہ جات کے سربراہ، انجینئر زید عزام نے بتایا کہ یہ منصوبہ صوبہ بابل اور نجف اشرف کو ملانے والی شاہراہ پر ایک اہم مقام پر واقع ہے، جہاں آمدورفت کی سہولت بھی میسر ہے۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 50 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط اس ہاؤسنگ سوسائٹی میں 400 رہائشی مکانات تعمیر کیے جائیں گے
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں زمین کی چار دیواری کی تعمیر، ہمواری اور دیگر ضروری تیاریوں کا کام جاری ہے۔ ان مراحل کی تکمیل کے بعد تعمیراتی کام مروجہ انجینئرنگ اصولوں اور تکنیکی معیارات کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا
انجینئر زید عزام نے مزید وضاحت کی کہ اس منصوبے کا دائرہ صرف رہائشی مکانات کی تعمیر تک محدود نہیں، بلکہ اس کے مجموعی نقشے میں متعدد تعلیمی اداروں، بنیادی ڈھانچے اور رہائشیوں کی روزمرہ ضروریات سے متعلق دیگر اجتماعی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے
اس طرح مستحق خاندانوں کے لیے ایک ایسی جامع رہائشی بستی قائم کی جائے گی، جہاں انہیں بہتر اور باوقار زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں گے
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران منصوبے کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، جبکہ تعمیراتی کام طے شدہ نظام الاوقات اور حرم امام حسین علیہ السلام کی ہدایات کے مطابق جاری رہے گا
واضح رہے کہ حرم امام حسین علیہ السلام مستحق خاندانوں کی معاونت، رہائشی سہولیات کی فراہمی اور معاشرتی بہبود کے لیے مختلف انسانی و سماجی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ صوبہ بابل میں اس ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر بھی اسی فلاحی مشن کا حصہ ہے، جس کا مقصد ضرورت مند خاندانوں کو بہتر رہائشی ماحول فراہم کرنا اور ان کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں مدد دینا ہے


