نجف اشرف: ہیئاتِ طلابِ پاکستان کے زیرِ اہتمام علمی سیمینار کا انعقاد
نجف اشرف میں ہیئاتِ طلابِ پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک علمی سیمینار منعقد ہوا، جس میں حوزۂ علمیہ نجف اشرف کے اساتذۂ کرام، عتباتِ مقدسہ کے نمائندگان اور پاکستانی طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی
یہ علمی سیمینار حرم امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے جوار میں واقع دارالعلم امام خوئی کی خوبصورت مسجد میں منعقد ہوا
سیمینار سے حوزۂ علمیہ نجف اشرف کے استاد، سماحۃ السید جعفر الحکیم نے خطاب فرمایا۔ انہوں نے طلبائے علومِ دینیہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے حوزۂ علمیہ کی علمی فضا سے بھرپور استفادہ کرنے اور اپنی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت پر زور دیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت کا حامل ملک ہے، جو پاکستانی قوم کی صلاحیتوں اور استعداد کی عکاسی کرتا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ پاکستانی طلاب علومِ دینیہ کے میدان میں بھی اپنی علمی قابلیت کا لوہا منوائیں اور دینِ اسلام کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کریں
سیمینار کے دوران امتحاناتِ لجنۂ موحدہ میں اس سال کامیابی حاصل کرنے والے 160 طلبائے علومِ دینیہ کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر کامیاب طلبا کو مفسرِ قرآن شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ کے شہرۂ آفاق ترجمۂ قرآن مجید کے خوبصورت نسخے بطورِ ہدیہ پیش کیے گئے
یہ بابرکت علمی محفل ہیئاتِ طلابِ پاکستان کے باہمی تعاون، اتحاد و یکجہتی اور مشترکہ کاوشوں کا ثمر تھی
حوزۂ علمیہ نجف اشرف کے معروف اور جلیل القدر اساتذۂ کرام کی شرکت نے اس تقریب کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ کیا
بلاشبہ، اس نوعیت کی علمی تقریبات طلبا میں علم و تحقیق کا ذوق پروان چڑھانے، محنت اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دینے اور باہمی اتحاد و اخوت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ کامیاب طلبا کی حوصلہ افزائی نہ صرف ان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا ذریعہ ہے، بلکہ علومِ دینیہ کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے



