پاکستان: وارث الانبیاء سکول اسلام آبادمیں حضرت امام مہدیؑ کی ولادت باسعادت نہایت عقیدت سے منائی گئی۔
پاکستان :حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے پہلا باقاعدہ تعلیمی ادارہ وارث الانبیاء سکول اسلام آبادمیں ۱۵ شعبان المعظم کے موقع پر منجیٔ بشریت، حضرت امام مہدیؑ کی ولادت باسعادت نہایت عقیدت سے منائی گئی۔
پاکستان :حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے پہلا باقاعدہ تعلیمی ادارہ وارث الانبیاء سکول اسلام آبادمیں ۱۵ شعبان المعظم کے موقع پر منجیٔ بشریت، حضرت امام مہدیؑ کی ولادت باسعادت نہایت عقیدت سے منائی گئی۔
تقریب کا باضابطہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد سٹوڈنٹس نے نعت، منقبت، شاعری اور امام زمانہ عجل اللہ فرجہ کی ولادت باسعادت اور آپ کی آفاقی شخصیت کی اہمیت کو بیان کرنے کے لئے تقریریں پیش کیں۔
پروگرام کا ایک نمایاں اور فکری حصہ وارث الانبیاء سکول کے ذہین اور ہونہار سٹوڈنٹس کا علمی ڈسکشن کا سیشن بھی تھا، جس میں چار منتخب سٹوڈنٹس نے منتظرینِ امام کی ذمہ داریوں، دورِ غیبت کی معنویت اور موجودہ دور میں دینی و سماجی فرائض پر اہم سوالات اور ان کے مدلل جوابات پیش کئے۔اس علمی ڈسکشن نے سٹوڈنٹس کی بلند فکری سطح، خوداعتمادی، تنقیدی سوچ، علمی بصیرت اور اظہارِ خیال کی صلاحیت کو نمایاں کیا۔اس کے علاوہ سٹوڈنٹس نے اپنے ہاتھوں سے تیار کئے ہوئے تعلیمی چارٹس، پوسٹرز اور دیگر آرٹس اور فن پارے پیش کئے، جن کے ذریعے انہوں نے امامِ زمانہؑ کی تعلیمات اور اپنے اعلیٰ مقاصد سے وابستگی کا اظہار کیا۔ ایک خصوصی کارنر بعنوان "گوشۂ انتظار" قائم کیا گیا، جہاں سٹوڈنٹس نے امامؑ سے اپنی محبت، احساسات اور امیدوں کو تحریری صورت میں پیش کیا۔ مزید برآں ایک اور کارنر میں سٹوڈنٹس کی جانب سے امامِ زمانہؑ (عج) کو لکھے گئے خطوط نمائش کے لیے رکھے گئے، جو عقیدت و خلوص کا عملی مظہر تھے۔تقریب میں حفظ قرآن کا عملی مظاہرہ بھی شامل تھا۔ اس قرآنی پریزنٹیشن میں مختصر عرصے کے دوران مکمل حفظ کیے گئے قرآن مجید کے چار پاروں سے آیات کو مختلف طریقوں سے پیش کیا۔ مہمانان گرامی، اساتذہ اور شرکاء نے صفحہ نمبر، آیت نمبر یا آیت کے چند الفاظ کی تلاوت کرکے حفاظ سے آیات کی مکمل تفصیل کے بارے میں مختلف سوالات کئے، سٹوڈنٹس نے جن کے مکمل اور فوری جوابات دے کر شرکاء محفل سے خوب داد تحسین وصول کیا۔ حفظ قرآن کے اس عملی مظاہرے کا مقصد قرآنی تعلیمات کو عملی زندگی سے جوڑنا تھا۔وارث الانبیاء سکول کے ہونہار سٹوڈنٹس نہ صرف حفظ قرآن کے مختلف پہلؤوں پر مہارت حاصل کر رہے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ماڈرن ایجوکیشن میں بھی بھرپور مہارتیں حاصل کر رہے ہیں۔اسی تسلسل میں چند سٹوڈنٹس نے سائنسی پروجیکٹس بھی پیش کیے، جن میں ایک روبوٹک سیکیورٹی ڈیٹیکٹر خاص طور پر قابلِ توجہ تھا، جو جدید ٹیکنالوجی کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔ مدرسہ حفظُ القرآن، اسکردو کے طلبہ نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور تواشیح پیش کر کے روحانی فضا کو مزید مؤثر اور پُرکیف بنا دیا۔
تقریب کا اختتام نہایت عقیدت کے ساتھ دعائے فرج پر ہوا، جس میں امامِ زمانہؑ (عج) کے ظہور کی عاجزانہ دعا اور عالمِ انسانیت میں عدل و امن کے قیام کی تمنا کی گئی۔



