اربعین 2025 پاکستان: عراق جانے والے زائرین کے لیے 107 خصوصی پروازیں چلائے گا

2025-07-04 07:51

زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے اہم اقدامات، فیری سروس شروع کرنے کی بھی تیاری 2026 میں سالار سسٹم ختم کر دیا جائے گا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)

وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر ایران اور عراق جانے والے زائرین کے مسائل کے حل کے لیے قائم کردہ خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور، وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز، وزیر مملکت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت، سیکیورٹی، سفری انتظامات اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت نے اربعین کے دوران عراق جانے والے زائرین کے لیے 107 خصوصی پروازوں کا بندوبست کر لیا ہے، جبکہ ایران کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد چھ سے بڑھا کر پندرہ کر دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پروازوں کی تعداد مزید بڑھانے پر بھی غور جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مستقبل میں زائرین کو بہتر اور سستی سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عاشورہ کے بعد اربعین کے لیے سیکیورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور زمینی راستے سے سفر کے بارے میں حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کو ہر قسم کی مشکل سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کی حفاظت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ زائرین کی آڑ میں عراق جانے والے غیر قانونی افراد کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جنوری 2026 سے زائرین صرف باقاعدہ رجسٹرڈ گروپ آرگنائزرز کے ذریعے زیارات پر جا سکیں گے اور سالار سسٹم کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 1413 درخواستیں گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کے لیے موصول ہو چکی ہیں، جن کی جانچ پڑتال اور اسکروٹنی کا عمل جاری ہے۔

العودة إلى الأعلى