بصرہ میں کینسر کے ثقلین ہسپتال میں 6,500 مریضوں کا کامیاب علاج
بصرہ، عراق :،عتبہ حسینیہ کے تحت کینسر کے علاج کے لیےچلنے والے ثقلین ہسپتال نے کینسر کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے
ہسپتال کی جاری کردہ سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق، پچھلے سال کے آغاز سے اب تک 6,500 مریضوں کا اندراج کیا جا چکا ہے، اور ہر مریض کو جدید ترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ثقلین ہسپتال کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر علی سمیر عطوان نے کہا جب سے بصرہ میں یہ ہسپتال کھولا گیا ہے، یہاں بصرہ کے تمام علاقوں سے مریض آ رہے ہیں، کیونکہ حرمِ حسینی کی ہمیشہ سے یہی پالیسی رہی ہے کہ ماہر ڈاکٹروں اور مخیر حضرات کی مدد سے مریضوں کو ایسی میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں، جو انہیں بیرونِ ملک علاج کے لیے جانے کی ضرورت سے بے نیاز کر دیں اور وہ اپنے گھر والوں کے درمیان مکمل علاج حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا سال 2024 میں، اس وژن کی بنیاد رکھی گئی اور تمام خدمات بالکل مفت فراہم کی گئیں۔
رپورٹ میں مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 9,000 سے زائد کیموتھراپی خوراکیں دی جا چکی ہیں، جن میں سے بعض کی ایک خوراک کی لاگت 8,000,000 عراقی دینار سے زیادہ رہی۔
1,600 سے زائد مریضوں کو نیوکلیئر میڈیسن کی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں 1,000 سے زائد مریضوں کے لیے بِسْتَکان اسکین کیے گئے اور 20 مریضوں کو ریڈیوایکٹیو آئیوڈین تھراپی دی گئی۔
ہسپتال میں 3,950 مختلف قسم کے ریڈیالوجیکل (ایکس رے اور اسکین) پروسیجرز کیے گئے، جن میں کچھ تشخیصی مقاصد کے لیے اور کچھ مریضوں کے درد میں کمی کے لیے کیے گئے۔
ڈاکٹر علی سمیر عطوان نے مزید کہا ہسپتال نے اب تک کینسر کے مریضوں کی مالی معاونت میں 7,000,000,000 عراقی دینار خرچ کیے ہیں، تاکہ مریضوں کو جدید طبی سہولیات مفت فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کی ثقلین ہسپتال کا مقصد کینسر کے مریضوں کے علاج میں مزید بہتری لانا اور جدید سہولیات کے ذریعے مریضوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے، تاکہ انہیں بہترین علاج مقامی سطح پر ہی دستیاب ہو۔