رمضان المبارک بہارِ قرآن: 270 سے زائد مقامات پر قرآنی سرگرمیوں کا انعقاد
کربلاء : حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبہ دارالقرآن نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کربلا اور عراق کے مختلف صوبوں میں قرآنی محافل اور سرگرمیوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
دارالقرآن کے مرکزِ اطلاعاتِ قرآنی کے سربراہ وسام نذیر سالم الدلفی نے کربلاء ٹوڈے کو دیے گئے خصوصی بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی دارالقرآن نے اپنا قرآنی رمضان پروجیکٹ شروع کر دیا ہے۔ اس پروجیکٹ میں روضۂ حسینیہ میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی محفلِ قرآن بھی شامل ہے، جو روزانہ دوپہر 2:30 بجے مقدس روضوں کے منتخب قرّاء کی تلاوت کے ساتھ منعقد ہوگی
وسام نذیر سالم الدلفی نے بتایا کہ حائرِ حسینی میں خواتین کے لیے بھی ایک مرکزی ختمۂ قرآن منعقد ہوگا، جو دارالقرآن کے سالانہ رمضان قرآنی منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت کربلا کے مختلف علاقوں میں 270 سے زائد مقامات پر قرآنی محافل کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ 16 عراقی صوبوں میں بھی قرآنی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا، تاکہ قرآن کریم کا نور عام ہو اور معاشرے میں قرآنی ماحول کو فروغ دیا جا سکے
دارالقرآن کے منصوبے کے تحت مختلف شاخوں میں روزانہ 45 سے زائد ختماتِ قرآن منعقد ہوں گی، جن کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شرکاء کے لیے ایک مناسب اور مؤثر قرآنی فضا فراہم کی جا سکے۔ ان محافل کا انتظام وحدہ المحافل القرآنیہ کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے
اس قرآنی منصوبے کے تحت 23 سے زائد عراقی جامعات اور تعلیمی اداروں میں بھی ختماتِ قرآن منعقد ہوں گی، جن کی نگرانی مرکز برائے تعلیمی قرآنی تعلیم کرے گا۔ ان جامعات میں شامل ہیں
جامعہ کربلاء
جامعہ بابل
جامعہ القاسم
الجامعہ الاسلامیہ
کلیۃ الإمام الکاظم
جامعہ واسط
جامعہ ذی قار
آخر میں، وسام نذیر سالم الدلفی نے کہا کہ دارالقرآن نے اپنی تمام یونٹس اور قرآنی مراکز کے ذریعے ان بابرکت سرگرمیوں کے اعلیٰ ترین درجے کے انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔ یہ محافل رمضان کے پہلے اتوار سے شروع ہوں گی، اور ہم تمام مومنین اور زائرین کو ان محافلِ قرآنی میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔