وزیر داخلہ: عراق آنے والے زائرین کی تعداد اب تک دو ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔

2024-08-22 07:00

منگل کو وزیر داخلہ عبد الامیر شمری اور وزیر دفاع ثابت عباسی نے کربلاء مقدسہ میں ایک مشترکہ کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ عراق آنے والے زائرین کی تعداد اب تک 27 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے

شمری نے کربلاء آپریشنز ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ "اب تک سرحدی راستوں سے داخل ہونے والوں کی تعداد 27 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس وقت زیادہ تر زائرین نجف اشرف، بابل اور بغداد کے صوبوں سے کربلاء مقدسہ کی جانب رواں دواں ہیں۔

تاہم اب تک کربلاء مقدسہ کے اندر کوئی سڑک بند نہیں کی گئی ہے۔ ہم نے کربلاء آپریشنز کے کمانڈر کے ساتھ گزشتہ رات اس معاملے پر غور کیا اور فی الحال راستہ بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ البتہ تین راستوں پر پرائیویٹ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہے جبکہ عوامی نقل و حمل کی گاڑیوں اور بسوں کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ زائرین سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ نقل و حمل کرنے کے لیے بڑی گاڑیوں کا استعمال کریں تاکہ کم سے کم رش ہو۔

شمری نے بتایا کہ خدمات کی فراہمی بروقت اور یقینی بنانے کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور اصحاب مواکب کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کی ہدایت کے مطابق تمام صوبوں کو صحت اور بجلی کے معاملات میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیر دفاع ثابت عباسی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کا ہمارا یہ دورہ کربلاء مقدسہ آپریشنز کمانڈ کی جانب تھا جہاں ہمیں منصوبہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، اور وزیر داخلہ نے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں عراقی پارلیمنٹ کی سیکیورٹی اور دفاع کمیٹی کے کئی اراکین بھی موجود تھے۔

عباسی نے مزید کہا کہ تمام راستوں پر انتظامات بہت اچھے طریقے سے چل رہے ہیں اور ہماری توقعات سے بہت بہتر ہیں۔ امام حسین علیہ السلام اور ان کے بھائی حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی زیارت کے دوران ہم نے دیکھا کہ لوگوں کی نقل و حرکت مثالی ہے اور بغیر کسی دھکم پیل کے جاری ہے۔

العودة إلى الأعلى