نجف اشرف: شہادتِ رسولِ اکرم ص کی مناسبت سے زائرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل
نجف اشرف: حرمِ امام علیؑ نے رسولِ اکرم حضرت محمد ص کی شہادت کی مناسبت سے امیرالمؤمنینؑ کے روضۂ مبارک کی زیارت اور تعزیت کے لیے نجف اشرف آنے والے زائرین کے استقبال کے لیے جامع سکیورٹی، خدماتی، طبی، انتظامی اور میڈیا پلان مکمل کر لیا ہے
حرمِ علوی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ذمہ دار کرار شاکر شانی نے کربلا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حرمِ علوی نے ماہِ صفر کے آغاز ہی سے علمِ عزا بلند کرنے کی تقریبات شروع کر دی تھیں، جبکہ رسولِ اکرم ص کی شہادت کی مناسبت سے آنے والے زائرین کے استقبال کے لیے بھی جامع تیاریاں جاری تھیں
انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت، نجف اشرف کی مقامی حکومت اور حرمِ علوی کے آپریشن روم کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطہ اور تعاون جاری ہے۔ زائرینِ اربعین کی خدمات اور رسولِ اکرم ص کی شہادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات کو منظم کرنے کے لیے ماہِ صفر کے پہلے ہی دن سے اجلاسوں اور رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا
کرار شاکر شانی نے مزید کہا کہ وسطی فرات کے مختلف صوبوں سے معاون سکیورٹی فورسز اور بلدیاتی خدمات انجام دینے والی ٹیمیں بھی انتظامات میں شریک ہیں۔ مختلف حسینی ہیئات اور مواکب زائرین کو خدمات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ حرمِ علوی کے شعبۂ حفظِ نظام کے تعاون سے سکیورٹی اور لاجسٹک سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں
زائرین کی طبی ضروریات کے پیشِ نظر حرمِ علوی کے اطراف میں طبی مراکز اور میڈیکل ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ رضاکاروں کے لیے مراکز قائم کیے گئے ہیں، وسیع مقامات کو خدمات کے لیے مختص کیا گیا ہے اور مضیفِ زائرین کے تعاون سے مختلف خدماتی مقامات بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حرم تک پہنچنے والی شاہراہوں اور اطراف میں 40 سے زائد مراکز اور خدماتی مقامات قائم کیے گئے ہیں
اسی طرح نجف اشرف کی مواکب کمیٹی اور حرمِ علوی کے اندر موجود مواکب کمیٹی کے درمیان بھی مسلسل رابطہ جاری ہے، تاکہ مجالسِ عزا کے لیے مخصوص مقامات، منابر اور صحنِ مطہر کے اطراف کی جگہوں کو تیار کیا جا سکے۔ نئی توسیع شدہ جگہوں اور حرم کے اندر بھی زائرین کے لیے مختلف سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے
حرمِ علوی کے شعبۂ اطلاعات کے معاون سربراہ جعفر البدیری نے بتایا کہ حرم نے اس مناسبت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے خدماتی، سکیورٹی، تکنیکی اور میڈیا کے حوالے سے جامع منصوبہ تیار کیا ہے، جس کا مقصد نجف اشرف میں روضۂ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے
انہوں نے کہا کہ میڈیا پلان کے تحت حرمِ علوی کے ٹی وی چینل، ریڈیو، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور شعبۂ اطلاعات کے نیوز سینٹر کے ذریعے خصوصی کوریج کی جائے گی۔ زائرین کی آمد کے راستوں کی براہِ راست نگرانی اور کوریج صوبہ دیوانیہ اور بابل سے شروع ہو کر نجف اشرف تک جاری رہے گی
حرمِ علوی کا ٹی وی چینل زائرین کے راستوں سے براہِ راست نشریات پیش کرے گا، جبکہ ان کے پیدل سفر پر خصوصی رپورٹس بھی تیار کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ حرمِ علوی کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بھی اجاگر کیا جائے گا، تاکہ اس عظیم مذہبی مناسبت کے روحانی ماحول اور زائرین کی سرگرمیوں کو ناظرین تک پہنچایا جا سکے
دوسری جانب صوبہ نجف اشرف کی حکومت نے بھی زائرین کے استقبال کے لیے اپنی تمام سکیورٹی، خدماتی اور لاجسٹک صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس موقع پر مختلف سرکاری ادارے، خدماتی شعبے، مواکب اور ہیئات زائرین کو سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے



