پاکستان: حج2027 کا پورا عمل ڈیجیٹل، عازمین گھر بیٹھے حج واجبات ادا کر سکیں گے
17 اگست سے سرکاری و پرائیویٹ عازمینِ حج کی ادائیگی پاک حج ایپ کے ذریعے ہو گی
اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج 2027 کے پورے عمل کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین حج گھر بیٹھے اپنی درخواست کا عمل مکمل کرنے، حج واجبات ادا کرنے اور دیگر مراحل سے متعلق سہولیات حاصل کر سکیں گے
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کی اولین ترجیح عازمین حج کو لمبی قطاروں، غیر ضروری سفری اخراجات اور انتظار کی زحمت سے نجات دلانا ہے۔ اسی مقصد کے تحت نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے عازمین کو جدید اور آسان ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی گئی ہیں
انہوں نے بتایا کہ منظور شدہ حج پالیسی کے تحت سرکاری حج سکیم 2027 کے لیے ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ 40 روزہ لانگ حج سکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے اور 20 سے 25 روزہ شارٹ حج سکیم کا پیکیج 13 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی اور منتخب پیکیج کی 50 فیصد رقم جمع کرانا لازم ہوگا، جبکہ دوسری قسط اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طلب کی جائے گی
انہوں نے بتایا کہ حج 2027 کی حتمی درخواستوں کے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پری رجسٹریشن مکمل کرنے والے تقریباً چار لاکھ رجسٹرڈ عازمین اب اپنی حج درخواستوں کے عمل کو آگے بڑھا سکیں گے
سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاسپورٹ آفس کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے، جس سے عازمین کے پاسپورٹ سے متعلق معلومات کی تصدیق اور درخواستوں کی پراسیسنگ میں مزید بہتری آئے گی۔ مختلف سرکاری اداروں کے ڈیٹا کو مربوط کرنے سے نہ صرف انسانی مداخلت اور کاغذی کارروائی میں کمی آئے گی بلکہ حج درخواستوں کے عمل کو زیادہ تیز، درست اور شفاف بنایا جا سکے گا
وفاقی وزیر نے کہا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارت مذہبی امور کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے، جو حج درخواستوں اور واجبات کی ادائیگی کے عمل میں وزارت کے ساتھ معاونت کرے گا
انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی ادائیگی کے لیے عازمین کو تین آسان ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں
عازمین ون لنک PSID کے ذریعے، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے یا پاک حج ایپ سے ڈیجیٹل چالان فارم ڈاؤن لوڈ کرکے حبیب بینک کی کسی بھی برانچ سے ادائیگی کر سکیں گے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ پورا نظام محفوظ، شفاف اور خودکار ہے اور ہر ادائیگی براہ راست حکومتی نظام میں ریکارڈ ہوگی، جس سے ہر مرحلے پر شفافیت اور احتساب یقینی بنایا جا سکے گا
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری حج سکیم میں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر آن لائن نظام کے ذریعے رقم جمع کرانے والے درخواست گزاروں کی نشستیں کنفرم ہوتی جائیں گی اور نشستیں مکمل ہونے پر مزید ادائیگی روک دی جائے گی
شارٹ حج سکیم کے لیے 30 ہزار نشستیں مختص ہیں اور یہ تعداد مکمل ہوتے ہی اس سکیم کے لیے آن لائن ادائیگی کا عمل روک دیا جائے گا
وفاقی وزیر نے پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کے لیے بھی اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حج 2027 کے لیے نجی حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستیں مختص ہیں۔ پرائیویٹ عازمین حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے حکومت سے منظور شدہ 25 مجاز حج آرگنائزرز کے پیکیجز دیکھ کر اپنی پسند کا پیکیج اور منظم کمپنی منتخب کر سکیں گے
انہوں نے واضح کیا کہ نجی حج سکیم کے تحت بھی تمام انتخاب اور ادائیگی مقررہ سرکاری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہی ہوگی اور اس نظام سے باہر کسی بھی قسم کی مالی لین دین یا براہ راست ادائیگی قابل قبول نہیں ہوگی
عازمین حج کسی بھی نجی ٹور آپریٹر یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ نیا ڈیجیٹل نظام عازمین کے سرمائے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تمام درخواست گزاروں کو یکساں، منصفانہ اور شفاف طریقے سے خدمات کی فراہمی یقینی بنائے گا
انہوں نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ صرف وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور پاک حج ایپ، حج پورٹل اور وزارت کے سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں



