راولپنڈی: شہادتِ امام زین العابدینؑ کی مناسبت سے بین المسالک علمی و فکری سیمینار کا انعقاد

2026-07-13 08:05

شہادتِ سید الساجدین حضرت امام علی بن الحسینؑ کی مناسبت سے مرکزی امام حسینؑ کونسل کے زیرِ اہتمام پی سی ہوٹل، راولپنڈی میں ایک عظیم الشان بین المسالک علمی و فکری سیمینار منعقد ہوا

جس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام، مشائخِ عظام، دانشوروں، محققین، وکلاء، سماجی و سیاسی شخصیات اور عاشقانِ اہلِ بیتؑ نے بڑی تعداد میں شرکت کی

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حضرت امام زین العابدینؑ کی سیرتِ طیبہ، علمی و روحانی خدمات، اخلاقی کردار اور پیغامِ کربلا کے تحفظ میں آپؑ کے تاریخی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی

علمائے کرام نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے میدانِ کربلا میں اپنے مقدس خون سے دینِ محمدی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آبیاری فرمائی، جبکہ حضرت امام زین العابدینؑ نے اپنی بے مثال عبادت، صبر، استقامت، علم، دعا، اخلاق اور حکمت کے ذریعے انقلابِ کربلا کے پیغام کو رہتی دنیا تک محفوظ اور زندہ رکھا

انہوں نے ظلم و جبر کے اندھیروں میں حق و صداقت کا ایسا چراغ روشن کیا جس کی روشنی آج بھی انسانیت کے لیے مینارۂ ہدایت ہے

مقررین نے صحیفۂ سجادیہ کو معرفتِ الٰہی، اخلاقِ حسنہ، تزکیۂ نفس، روحانی ارتقا اور اجتماعی اصلاح کا لازوال خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رسالۂ حقوق انسانی حقوق کا ایک جامع اور ہمہ گیر منشور ہے، جو ہر دور اور ہر معاشرے کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر نوجوان نسل امام زین العابدینؑ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لے تو معاشرہ امن، عدل، محبت، رواداری، اخوت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا گہوارہ بن سکتا ہے

اپنے خطابات میں علمائے کرام اور مقررین نے امام زین العابدینؑ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے آپؑ کی علمی، روحانی اور اخلاقی خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ پُرفتن دور میں اہلِ بیتِ اطہارؑ کی تعلیمات ہی امتِ مسلمہ کے اتحاد، فکری بیداری، اخلاقی استحکام اور روحانی نجات کی ضمانت فراہم کرتی ہیں

سیمینار کی نمایاں خصوصیت مختلف مکاتبِ فکر، بالخصوص اہلِ سنت کے ممتاز علمائے کرام کی بھرپور شرکت تھی، جنہوں نے نہایت احترام، عقیدت اور علمی وقار کے ساتھ حضرت امام زین العابدینؑ کی سیرتِ طیبہ، علمی عظمت اور اسلامی خدمات پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اہلِ بیتِ اطہارؑ پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ، مرکزِ محبت اور محورِ عقیدت ہیں، اور ان کی تعلیمات امت کے اتحاد، باہمی احترام، رواداری اور اخوت کو مضبوط بنیادیں فراہم کرتی ہیں

المرفقات

العودة إلى الأعلى