صحنِ حسینی میں مطالعہ کے لیے آنے والے طلبہ کو مکمل تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے
حرمِ امام حسین علیہ السلام کی جنرل سیکریٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ صحنِ حسینی میں مطالعہ کے لیے آنے والے طلبہ کے لیے سرداب اور ہالز کو مخصوص کر کے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاکہ روحانی ماحول کے ساتھ جدید سہولیات پر مشتمل بہترین تعلیمی فضا قائم کی جا سکے
یہ اقدام حرمِ امام حسین علیہ السلام کی جانب سے تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کو مطالعہ کی طرف راغب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، جہاں ان مقدس مقامات پر ایسی معیاری سہولیات مہیا کی گئی ہیں جو تحقیق اور مطالعہ کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی
صحنِ حسینی میں فراہم کی جانے والی نمایاں سہولیات درج ذیل ہیں
مفت انٹرنیٹ سروس تیز رفتار وائی فائی نیٹ ورک مہیا کیا گیا ہے تاکہ طلبہ آسانی سے علمی ذرائع اور عالمی ڈیجیٹل لائبریریوں تک رسائی حاصل کر سکیں
جدید الیکٹرانک آلات میں جدید کمپیوٹرز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ صحنِ مطہر میں بیٹھ کر اپنے تحقیقی مقالے، لیکچرز اور دیگر علمی کام انجام دے سکیں، نیز جدید ایپلی کیشنز سے استفادہ کر سکیں
پرسکون اور منظم ماحول کے لئے ایسے مقامات مختص کیے گئے ہیں جہاں مناسب روشنی، ائیر کنڈیشننگ اور آرام دہ سہولیات موجود ہیں، تاکہ طلبہ مکمل توجہ اور یکسوئی کے ساتھ مطالعہ کر سکیں
علمی منابع تک رسائی ممکن ہو اس لئے ان مقامات کو حرم کی پبلک لائبریریوں کے قریب تیار کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو کتابوں، نایاب نسخوں اور دیگر علمی مواد تک فوری رسائی حاصل ہو سکے
حرمِ امام حسین علیہ السلام اس اقدام کے ذریعے صحنِ حسینی شریف کو علم و دانش کا مرکز بنانے اور نوجوانوں کے علمی و ثقافتی فروغ کے لیے مفت، جدید اور مکمل سہولیات فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے



