حرمِ امام حسینؑ نے 2025 کے دوران 1,200 سے زائد وفود کا استقبال کیا
حرمِ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے تحت قائم شعبۂ تشریفات نے سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 58 ہزار سے زائد شخصیات کا استقبال کیا
شعبۂ تشریفات کے انچارج عباس محنّا نے بتایا کہ یہ شعبہ اندرون و بیرونِ ملک سے آنے والی سرکاری، دینی اور علمی شخصیات کے لیے کانفرنسوں، تقریبات اور دیگر رسمی پروگراموں کے انعقاد کی نگرانی کرتا ہے۔ مہمانوں کی آمد سے لے کر ان کے قیام اور پروگرام کے اختتام تک مکمل پروٹوکول فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ متعلقہ شعبہ جات کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے تمام ضروریات پوری کی جاتی ہیں، تاکہ حرمِ حسینیؑ کی مہمان نوازی اور مثبت امیج کو اجاگر کیا جا سکے اور احترام و حسنِ سلوک کی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعبۂ تشریفات آنے والے اداروں اور وفود کے ساتھ ثقافتی و دینی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور حرمِ حسینیؑ کی زیرِ سرپرستی منعقد ہونے والے فیسٹیولز، کانفرنسوں اور پروگراموں کی کامیابی کے لیے بھرپور کوششیں کی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ خاتمُ الانبیاء اور سیدُ الاوصیاء (علیہم السلام) آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی سرگرمیوں کا انتظام بھی اسی شعبے کے ذمے ہے، جن میں کانفرنسیں، سیمینارز، تہوار، فکری و دینی لیکچرز، تربیتی کورسز، تحقیقی نشستیں، زیارات اور ماہِ رمضان کی محافل شامل ہیں۔ سال 2025 کے دوران ان دونوں ہالز میں 15 ہزار سے زائد افراد نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔
عباس محنّا نے مزید کہا کہ شعبۂ تشریفات کے تحت قائم مہمانوں کے استقبال کی یونٹ اور خدمات کی یونٹ دن رات وفود اور زائرین کی ضیافت اور خدمت میں مصروف رہتی ہیں، جبکہ سماجی امور کی پیروی کرنے والی یونٹ سماحة الشیخ عبدالمہدی کربلائی (دام عزہ) کے دفتر سے موصول ہونے والی سماجی کفالت کی درخواستوں کی نگرانی کرتی ہے۔ ان میں خصوصی افراد، کم آمدنی والے خاندانوں اور بیواؤں کے لیے کفالت اور امداد سے متعلق امور شامل ہیں، جو وزارتِ محنت و سماجی امور اور صوبائی دفاتر کے تعاون سے انجام دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے سال 2025 کے دوران شعبۂ تشریفات کی نمایاں کامیابیوں کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ لبنان سے تعلق رکھنے والے 8,926 افراد پر مشتمل خاندانوں کو حرمِ حسینیؑ کے زیرِ انتظام مدینۂ زائرین، حسینیات، کرائے کے ہوٹلز اور شہریوں کے عطیہ کردہ گھروں میں رہائش فراہم کی گئی۔
مہمانوں کے استقبال کی یونٹ کے ذریعے دارالضیافہ میں 306 وفود اور 7,538 افراد کا استقبال کیا گیا۔
خدمات یونٹ کی جانب سے 928 وفود اور 25,719 افراد کی میزبانی کی گئی
شام سے آنے والے 720 افراد پر مشتمل خاندانوں کا استقبال کیا گیا۔
خاتمُ الانبیاء اور سیدُ الاوصیاء (علیہم السلام) ہالز میں 15 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی
حرمِ حسینیؑ کے مختلف شعبوں کی 107 گاڑیوں کی سالانہ رجسٹریشن محکمۂ ٹریفک کے تعاون سے مکمل کی گئی
عرب و غیر ملکی 150 افراد کے لیے داخلہ ویزے حاصل کیے گئے
حرمِ حسینیؑ کے ذمہ داران اور ملازمین کے لیے اسلحہ رکھنے کے اجازت ناموں کی تجدید کی منظوری حاصل کی گئی
آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ تمام کاوشیں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے اس وژن کا حصہ ہیں، جس کا مقصد وفود اور زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنا اور مقامی و بین الاقوامی سطح پر اپنے انسانی، دینی اور سماجی کردار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔



