العین فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان کا دورہ
مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دامت برکاتہ کی زیرِ نگرانی چلنے والے العین فاؤنڈیشن کے سربراہ کے اعزاز میں جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی
العین فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل، جناب شیخ امجد ریاض دامت برکاتہ، اور فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب احمد سودانی نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متعدد مدارس، دینی مؤسسات اور یتیم خانوں کا جائزہ لیا
دورے کے اختتامی مرحلے میں جب وہ اسلام آباد پہنچے تو جامعہ الکوثر کے المصطفیٰ آڈیٹوریم میں ان کے اعزاز میں ایک پرشکوہ تقریب کا اہتمام کیا گیا
تقریب کا آغاز جامعۃ الکوثر کے ہونہار طالب علم قاری سید ساجد رضوی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جبکہ استقبالیہ کلمات جامعہ کے طالب علم جناب وسیم عباس نے عربی زبان میں پیش کیے
اس کے بعد مہمانِ خصوصی، عزت مآب جناب شیخ امجد ریاض مدظلہ العالی نے اپنے بصیرت افروز خطاب میں محسنِ ملت کی دینی و ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور دکھی انسانیت، بالخصوص یتیموں کی سرپرستی و خبرگیری کے حوالے سے آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ الوارف کی گراں قدر توجہات کو اجاگر کیا
انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ نجف اشرف میں علمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شیخ امجد ریاض نے جامعۃ الکوثر اسلام آباد اور جامعۃ الکوثر نجف کیمپس کے اساتذہ و طلاب کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ان علمی مراکز کی مزید ترقی کے لیے دعا فرمائی
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی، سماحۃ الشیخ امجد ریاض دامت برکاتہ اور جناب استاد ڈاکٹر احمد سودانی کی خدمت میں یادگاری شیلڈز وکیلِ مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی قبلہ نے پیش کیں
واضح رہے کہ اس یادگار تقریب میں نظامت کے فرائض استادِ محترم آقائے اشرف حسین اخوندزادہ دام عزہ نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیے، جبکہ جامعۃ الکوثر کے اساتذہ اور طلاب نے کثیر تعداد میں شرکت کی