مضیف حرم امام علیؑ روزانہ ہزاروں زائرین اور مستحق افراد کو فیضیاب کرتا ہے
حرم امام علیؑ کا مضیف زائرین کرام کی خدمت میں پیش پیش ہے، جہاں روزانہ ہزاروں زائرین کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے
دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کم از کم ایک مرتبہ حرم امام علیؑ کے لنگر سے فیض یاب ہوں، اسی لیے انتظامیہ کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے جاتے ہیں
یہ خدمت نہ صرف عراق کے اندر سے آنے والے زائرین کے لیے ہے بلکہ بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کے لیے بھی ہے
اس کے ساتھ ساتھ مضیف روزانہ یتیم خانوں، اولڈ ہومز اور مستحق و نادار خاندانوں کو بھی کھانا فراہم کرتا ہے۔ یہ سب کچھ سیرتِ امام علی علیہ السلام پر عمل کرنے کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے
مضیف کے سربراہ جناب سید اثیر سعد التمیمی نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ہمارا شعبہ ماہ صفر 1427 ہجری میں قائم کیا گیا اور تب سے اب تک زائرین کی خدمت انجام دے رہا ہے۔
تقسیم کے ضوابط و طریقہ کار
مضیف امام علی علیہ السلام میں کھانے کی تقسیم کے لیے دو طریقوں پر عمل کیا جاتا ہے
1. براہِ راست تقسیم: عراقی زائرین کے لیے باب الطوسی کے قریب ایک خصوصی کاؤنٹر قائم ہے جہاں روزانہ صبح 11 بجے قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ دکھا کر کھانا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ غیر ملکی زائرین کے لیے صبح 8 بجے سے مخصوص مقام پر ویزا یا پاسپورٹ دکھا کر کھانے کے ٹوکن تقسیم کیے جاتے ہیں
2. آن لائن طریقہ: زائرین حرم کی آفیشل ویب سائٹ یا "مضیف علوی" اور "وافد" ایپ کے ذریعے اپنی معلومات درج کر کے آن لائن اپنے ہوٹل میں بیٹھے ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں
فقراء و ایتام کی کفالت
التمیمی نے مزید بتایا کہ حرم، سیرت امام علیؑ پر عمل کرتے ہوئے، مضیف کے ذریعے روزانہ یتیموں اور ناداروں کو کھانا فراہم کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی کمیٹیوں کے ذریعے منظم فہرستیں تیار کی گئی ہیں، جن میں نادار خاندان، یتیم خانوں اور بزرگوں کے مراکز شامل ہیں۔ ان سب کو روزانہ تیار کھانے فراہم کیے جاتے ہیں جو ایک جامع سماجی تعاون کا حصہ ہے
مناسبات میں تعداد کا اضافہ
عام دنوں میں زائرین کے لیے روزانہ 2500 سے 3000 افراد کے لیے دوپہر کا کھانا تقسیم کیا جاتا ہے (منگل کے دن کے سوا)۔ مگر مخصوص زیارتوں کے موقع پر یہ تعداد بڑھ کر 25 ہزار سے زیادہ ہو جاتی ہے، جن میں ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا شامل ہوتا ہے۔ زیارتِ میلیونی یعنی اربعین کے مواقع پر یہ تعداد لاکھوں تک پہنچ جاتی ہے۔
نجف سے باہر کی سرگرمیاں
مضیف امام علیؑ کی سرگرمیاں صرف نجف تک محدود نہیں بلکہ دیگر مقدس روضوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔ بڑی زیارتوں کے ایام میں مختلف صوبوں میں کھانے کی تقسیم منظم انداز میں کی جاتی ہے تاکہ زائرین کو تعاون اور تبرک فراہم کیا جا سکے
خدمت، محبتِ مولا کی نشانی
آخر میں التمیمی نے کہا ہم یہ خدمت امیر المؤمنین علیہ السلام کی محبت اور ان کی سیرتِ مبارکہ پر عمل کرنے کے جذبے سے انجام دیتے ہیں۔ ہمارا مقصد اہل بیت علیہم السلام کے کرم و سخاوت کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ خدمت ہمارے لیے ذمہ داری سے پہلے شرف اور برکت ہے