کربلا: 1800 سے زائد بچیوں کے لیے تکلیف شرعی کی پروقار تقریب
حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبہ تبلیغِ دینی برائے خواتین کے زیر اہتمام سولہویں سالانہ جشنِ بلوغت و تکلیف شرعی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
اس سال بھی 1800 سے زائد بچیوں کے لیے یہ تقریب کربلا معلیٰ کے خیمہ گاہِ حسینی میں منعقد ہوئی، جو امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) کے یومِ ولادت کی مناسبت سے ترتیب دی گئی تھی
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ بعد ازاں شعبہ تبلیغِ دینی کے مسئول، شیخ علی مطیری نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں معاشرے میں بچیوں کے مثبت کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور انہیں والدین کی اطاعت، دینی اقدار کی پاسداری، اور اسلامی اخلاقیات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی
شعبہ تبلیغِ دینی کے مسئول کے مطابق، تقریب میں مختلف دینی و ثقافتی سرگرمیاں شامل تھیں۔ بچیوں نے نعت، منقبت اور شعری کلام پیش کیے، جبکہ وضو کے صحیح طریقے کے بارے میں ایک تعلیمی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر تمام بچیوں میں یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے
شیخ علی مطیری نے اس تقریب کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد بچیوں میں دینی شعور کو بیدار کرنا اور انہیں نماز، روزہ، اور حجاب جیسی شرعی ذمہ داریوں کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے نئے مرحلۂ زندگی کو بطور مکلفاتِ شرعیہ بہتر طور پر سمجھ سکیں اور اسلامی احکام کی پاسداری کریں
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ حرم امام حسین علیہ السلام کی انتظامیہ خواتین کی دینی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔ موجودہ دور کے مغربی چیلنجوں اور مسلم خواتین کو ان کی اسلامی شناخت سے دور کرنے کی سازشوں کے پیشِ نظر، اس تقریب کا انعقاد اسلامی اقدار اور دینی شناخت کے تحفظ کی ایک مؤثر کوشش ہے