زیارتِ اربعین؛ ایمان، محبت اور انسانی یکجہتی کا عالمی پیغام
زیارت اربعین کا اجتماع دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک شمار ہوتا ہے، جہاں یہ مذہبی اور ثقافتی حدود سے آگے بڑھ کر ایک عالمی علامت کی حیثیت اختیار کر جاتا ہے
یہاں ہر آنے والے کا استقبال رحمت، شفقت اور خوش آمدید کے اُس جذبے کے ساتھ کیا جاتا ہے جس کی عملی تصویر حضرت امام حسین علیہ السلام ہیں۔ وہ ہر اُس شخص کا خیر مقدم کرتے ہیں جو ایسی انسانیت کا خواہاں ہو جو دلوں اور روحوں کو ایک لڑی میں پرو دے، خواہ اس کا تعلق کسی بھی طبقے یا ثقافت سے ہو
زیارتِ اربعین ایک ایسا عظیم واقعہ ہے جو ایک بے مثال انسانی حماسہ (رزمیہ داستان) کی تجسیم کرتا ہے، جس کے دوران لاکھوں افراد کربلائے مقدس کا رخ کرتے ہیں، اور زائرین کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر جاتی ہے
یہ خودکار طور پر منظم ہونے والا عظیم پیدل سفر انسانی تاریخ میں ایک منفرد مظہر کے طور پر نمایاں ہوتا ہے، جہاں مختلف نسلوں، مسالک اور ادیان سے تعلق رکھنے والے لوگ انسانیت کے ایک مشترکہ پرچم تلے جمع ہوتے ہیں، جس کا محور و مرکز حضرت امام حسین علیہ السلام کی شخصیت ہے
اور کربلا محض ایک ایسا شہر نہیں جہاں تاریخ کی ایک عظیم جنگ برپا ہوئی تھی، بلکہ یہ ظلم و ستم کے خلاف مزاحمت کی ایک دائمی علامت اور ہر اس شخص کے لیے امید کا سرچشمہ ہے جو عدل و انصاف کا طالب ہو۔ کربلا کا سرخ پرچم ایثار، قربانی اور فداکاری کے معانی کی ترجمانی کرتا ہے، اور یہ سرزمین اپنی جدوجہد کی داستان کو صدیوں سے نسل در نسل منتقل کرتی آ رہی ہے، تاکہ آزادی، عزتِ نفس اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثال کے طور پر آنے والی نسلوں کی رہنمائی اور تربیت کرتی رہے
اور جو لوگ حضرت امام حسین علیہ السلام کی فکر سے محبت رکھتے ہیں، ان کے لیے زیارتِ اربعین انسانی اقدار کی گہرائیوں کو سمجھنے اور ظلم و استبداد کی زنجیروں سے آزادی کے مفہوم کو دریافت کرنے کا ایک بے مثال موقع فراہم کرتی ہے۔ امام حسین علیہ السلام کے دروازے ہر صاحبِ فکر و شعور کے لیے کھلے ہیں، تاکہ وہ اسلامِ محمدیِ اصیل کی اس حقیقت سے آشنا ہو سکے جو پاکیزگی، رحمت اور انسان دوستی کی حقیقی ترجمان ہے
اسی ہمہ گیر، بامعنی اور روح پرور تناظر میں زیارتِ اربعین ایک ایسا ناقابلِ فراموش عالمی واقعہ بن جاتی ہے، جو دینی روایات اور انسانی روح کے حسین امتزاج کو ایک ایسی دل آویز تصویر میں پیش کرتی ہے، جو ثقافتی تنوع اور محبت و امن پر مشترکہ ایمان سے مزین ہے
یہ عظیم اجتماع امن، اخوت اور عالمی بھائی چارے کے ایک مشترکہ تصور کو نمایاں کرتا ہے، جس کا عملی مظہر وہ لاکھوں زائرین ہیں جو ہر سال حضرت امام حسین علیہ السلام کے پیغامِ حق و عدالت سے اپنی وابستگی اور عہد کی تجدید کرتے ہیں
یوں زیارتِ اربعین ایک عالمی مناسبت اور آفاقی دعوت کی صورت اختیار کر جاتی ہے، جس کا مرکز کربلائے معلّیٰ ہے، جہاں حضرت امام حسین علیہ السلام ایک ایسی عالمگیر شخصیت اور ابدی علامت کے طور پر جلوہ گر ہوتے ہیں جو جغرافیائی، مذہبی اور ثقافتی سرحدوں سے ماورا ہو کر پوری انسانیت کو حق، عدل، آزادی اور کرامت انسانی کا پیغام دیتی ہے
یہ عظیم اور تاریخ ساز اجتماع لاکھوں زائرین کو کربلائے معلّیٰ کی جانب کھینچ لاتا ہے، جہاں ایک ایسا بے مثال انسانی اجتماع برپا ہوتا ہے جو ہر دیکھنے والے میں حیرت، تحسین اور عقیدت کے جذبات بیدار کر دیتا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اپنی آغوشِ محبت ہر اُس شخص کے لیے وا کیے ہوئے ہیں جو علم، معرفت اور انسانیت کا متلاشی ہو۔ یہاں مختلف افکار، مذاہب، مسالک اور ادیان سے تعلق رکھنے والے افراد ایک منفرد ہم آہنگی کے ساتھ یکجا ہوتے ہیں
واقعۂ حسینی اور حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام آج پوری دنیا کا مشترکہ سرمایہ بن چکا ہے، جس نے آزادی، عزتِ نفس اور ایثار کی علامت ایک ہی پرچم تلے لاکھوں دلوں کو متحد کر دیا ہے
کربلا میں منعقد ہونے والا یہ سالانہ اجتماع دنیا کا سب سے بڑا انسانی اجتماع تصور کیا جاتا ہے، جو کسی سرکاری یا بین الاقوامی مداخلت یا انتظام کے بغیر ہر سال دو کروڑ سے زائد زائرین کو اپنی جانب کھینچ لاتا ہے۔ یہ حقیقت اس لازوال محبتِ حسین علیہ السلام کی روشن گواہی ہے جو دنیا کے ہر گوشے سے موجزن ہو کر کربلا کی طرف رواں ہوتی ہے، اور کربلا کی جانب جانے والے تمام راستوں پر اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کرتی ہے
کربلا مقدس میں زائرین کا پرتپاک استقبال کیا جاتا ہے، اور ان سب کو فراخ دلی اور سخاوت کے ساتھ بنیادی خدمات فراہم کی جاتی ہیں
یہ سفر محض ایک مذہبی زیارت نہیں، بلکہ محبت، اخوت اور انسان دوستی کا ایسا پیغام ہے جو نسلی، مذہبی اور ثقافتی امتیازات سے بالاتر ہو کر حضرت امام حسین علیہ السلام کی ذاتِ گرامی اور شہرِ کربلا کی قیادت میں پوری انسانیت کو ایک لڑی میں پرو دیتا ہے
کربلا وہ پہلی انقلابی سر زمین ہے جس نے ظلم و طغیان کے مقابلے میں قیام کیا، اور آج بھی ادب و شاعری کے افق پر ایک ایسا لازوال سر چشمہ الہام ہے جو جد وجہد ، شجاعت اور ایثار کی ناقابلِ فراموش داستان کو زندہ رکھے ہوئے ہے
اور جو بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظمت سے رہنمائی حاصل کرنا چاہتا ہے، اسے چاہیے کہ اپنے دل و دماغ اور اپنی روح کو ان کے پاکیزہ مکتب کے لیے کھول دے، تاکہ وہ جہالت اور تاریکی کی زنجیروں سے آزادی حاصل کر سکے
حضرت امام حسین علیہ السلام حقیقی اسلام کی طرف پوری دنیا کے لیے ایک دروازے کی حیثیت رکھتے ہیں؛ وہ اسلام جو اعلیٰ انسانی اقدار، رحمت، عدل اور کرامت انسانی کو فروغ دیتا ہے
زیارتِ اربعین محبت، ایثار اور دائمی انسانی اقدار کی قوت کی ایک زندہ علامت ہے، اور ہر اس شخص کے لیے ایک عالمگیر دعوت ہے جو حق، انصاف، اخوت، محبت اور دائمی خیر کے متلاشی ایک بہتر دنیا کی تلاش میں ہو


