حرم امام حسینؑ اپنی قرآنی خدمات عالمی سطح پر پیش کر رہا ہے
حرم امام حسینؑ کے زیر اہتمام مرکزِبین الاقوامی تبلیغِ قرآن نے ایران کے دارالحکومت طہران میں منعقد ہونے والی معرض طہران الدولی للقرآن الكریم کے 33ویں ایڈیشن میں بھرپور شرکت کی۔ اس بین الاقوامی نمائش میں دنیا بھر کے 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے قرآنی مراکز اور اداروں نے حصہ لیا
نمائش کے ڈائریکٹر، استاد احمد الشامی نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزِ تبلیغِ قرآن کی اس بین الاقوامی نمائش میں شرکت کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر قرآنی ثقافت کو فروغ دینا اور اہم بین الاقوامی فورمز پر مؤثر اور فعال موجودگی کو یقینی بنانا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی نمائشیں قرآنی علوم کو متعارف کرانے، علمی و تحقیقی خدمات کو اجاگر کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان تجربات کے تبادلے کے لیے نہایت مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔ تہران کی یہ نمائش علمی اور ثقافتی اعتبار سے خصوصی اہمیت کی حامل ہے
انہوں نے بتایا کہ حرمِ حسینی کے اسٹال پر مختلف قرآنی کتب، تحقیقی و علمی تصنیفات پیش کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 2008 سے اب تک حرمِ حسینی کی قرآنی سرگرمیوں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو بھی نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔
اس نمائش میں مرکزِ قرآن کی نمایاں سرگرمیوں میں کتاب "اختبر حفظك للقرآن الكريم" کی تقریبِ رونمائی شامل تھی۔ مزید برآں، حرمِ امام حسینؑ کی جانب سے کیو آر کوڈ (QR Code) کے ساتھ شائع شدہ قرآنِ کریم بھی پیش کیا گیا، جس کے ذریعے قارئین اس کی ڈیجیٹل کاپی تک براہِ راست رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور اسمارٹ آلات کے ذریعے آسانی سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ قرآنِ کریم کی خدمت میں جدید ٹیکنالوجی کے اس استعمال کو شرکاء نے بے حد سراہا۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس سال منعقدہ نمائش میں بین الاقوامی سیکشن کے تحت 15 ممالک نے شرکت کی، جبکہ انعقاد کے دوران 120 تخصصی نشستیں اور قرآنی محافل منعقد ہوئیں، جس سے اس نمائش کی عالمی سطح پر اہمیت اور وقار مزید مستحکم ہوا


