سامراء: روضہ عسکریین میں حافظاتِ قرآن کے اعزاز میں شاندار تقریب
روضہ مبارک حضرت امام علی نقی اور امام حسن عسکری علیہما السلام کی جنرل سیکریٹریٹ نے شہر بلد کی پچاس سے زائد حافظاتِ قرآن کے اعزاز میں ایک پُروقار اور روحانی تقریب کا اہتمام کیا
روضہ مبارک کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، جب بلد ہائی اسکولوں کے طالبات اپنے تعلیمی دورے پر عتبہ مقدسہ پہنچیں، تو ان کے استقبال میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شیخ عودہ عکیلی نے خطاب کیا
اپنے خطاب میں انہوں نے حضرت سیدہ فاطمہ زہرا اور حضرت زینب سلام اللہ علیہما کے دینِ مبین کے دفاع اور اس کی اقدار کی حفاظت میں ادا کیے گئے ان کے قائدانہ کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان عظیم ہستیوں کی پاکیزہ سیرت سے استقامت، ایثار، اور ایمان پر ثابت قدمی کے اصول سیکھنے چاہییں
بعد ازاں، امام ہادی علیہ السلام کے رواق میں ایک پُرنور محفلِ قرآن منعقد کی گئی، جس میں حافظات کی جانب سے اجتماعی تلاوتِ قرآنِ مجید پیش کی گئی
تقریب کے اختتام پر روضہ مبارک کی جانب سے حافظاتِ قرآن کو تبرکات اور تحائف پیش کیے گئے، تاکہ قرآن کریم کی خدمت میں ان کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف ان حافظات کی حوصلہ افزائی تھا، بلکہ دیگر طلبہ و طالبات میں بھی حفظِ قرآن کا شوق پیدا کرنا تھا



