مرجعِ اعلیٰ کے نمائندے کا الزہراءؑ یونیورسٹی برائے طالبات کا دورہ
حرمِ امام حسینؑ کے متولیِ شرعی اور مرجعِ دینیِ اعلیٰ کے نمائندے جناب شیخ عبدالمہدی کربلائی نے الزہراءؑ یونیورسٹی برائے طالبات کا دورہ کیا، یونیورسٹی کی تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیا اور تدریسی و تربیتی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا
اساتذہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے جناب شیخ عبدالمہدی کربلائی نے فرمایا کہ تعلیمی میدان میں یہ کامیابی حرمِ امام حسینؑ کی اُس بصیرت کا مظہر ہے جو مضبوط تعلیمی اداروں کے قیام کے ذریعے علمی اور تربیتی اقدار کو یکجا کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ ایسے ادارے علمی صلاحیتوں سے لیس افراد تیار کرتے ہیں جو ملکی اداروں اور علمی معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں
انہوں نے کہا کہ میں یونیورسٹی کو علمی میدان میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے بلند ہونے پر اساتذہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہنا ضروری سمجھتا ہوں
شیخ کربلائی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیمی و تربیتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے احساسِ ذمہ داری، وابستگی اور باہمی تعاون کی روح کو مضبوط کرنا نہایت اہم ہے
دوسری جانب، الزہراءؑ یونیورسٹی کی رئیسہ، ڈاکٹر زینب الملا السلطانی نے بتایا کہ حرمِ حسینی کی جانب سے ملنے والی مسلسل سرپرستی کی بدولت یونیورسٹی نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان میں سے ایک اہم سنگِ میل یونیورسٹی کا عالمی درجہ بندی میں شامل ہونا اور عرب یونیورسٹیوں کے اتحاد میں شمولیت ہے
اس کے علاوہ، کالج آف فارمیسی نے دو سال مسلسل وزارتی امتحانات میں عراق کی تمام یونیورسٹیوں میں پہلا مقام حاصل کیا، جو اس ادارے کی سائنسی تحقیق اور علمی تخلیق کی حوصلہ افزا فضا کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ روضہ حسینیہ کی جانب سے الزہراء ؑ یونیورسٹی کے علمی سفر کے تسلسل میں بھرپور حمایت کی علامت ہے، اور یہ بات واضح کرتا ہے کہ یہ یونیورسٹی ایک مضبوط علمی و پیشہ ورانہ ادارہ ہے جو ایک باشعور اور علم دوست ماؤں کو تیار کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ معاشرے کی خدمت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں



