حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ہزار سالہ جشن کے لیے عتباتِ عالیات کا پہلا رابطہ اجلاس

2026-10-17 12:08

نجف اشرف: حرم امام علیؑ میں حوزہ علمیہ کے ہزار سالہ جشن کی تیاریوں کے سلسلے میں عتباتِ عالیات کا پہلا مشترکہ رابطہ اجلاس منعقد ہوا

جس میں حرم امام علیؑ، حرم امام حسینؑ، حرم حضرت عباسؑ، حرم امام موسیٰ کاظمؑ و امام محمد تقیؑ اور حرم امام علی نقیؑ و امام حسن عسکریؑ کے نمائندوں نے شرکت کی

اجلاس میں شیخ طوسیؒ کی نجف اشرف آمد کے ایک ہزار سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات کی تیاری، علمی و ثقافتی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور شریک اداروں کے درمیان ذمہ داریوں کی تقسیم پر تبادلۂ خیال کیا گیا

اجلاس میں مختلف تقریبات کا جائزہ لیا گیا، ضروری منصوبہ بندی کی گئی اور انتظامی و دیگر ضروریات پر غور کرنے کے ساتھ شریک عتباتِ عالیات کے درمیان ذمہ داریاں تقسیم کرنے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا، تاکہ تمام اداروں کی کوششوں کو مربوط بنایا جا سکے اور تقریبات کے انعقاد کے لیے مؤثر تیاری کی جا سکے

اجلاس کے شرکاء نے تقریبات کے لیے ایک جامع رہنما کتابچہ تیار کرنے پر اتفاق کیا، جس میں تمام پروگراموں کے انعقاد کی تاریخیں اور اوقات درج ہوں گے اس کے علاوہ تقریبات میں شرکت کے لیے دعوت ناموں کی تیاری اور ترسیل پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ انتظامی امور میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ سرگرمیوں کی نگرانی کو آسان بنایا جا سکے

حرم امام حسینؑ کے شعبۂ فکری امور کے سربراہ شیخ علی القرعاوی نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شیخ طوسیؒ کی نجف اشرف آمد کے ایک ہزار سال مکمل ہونے کی مناسبت سے یہ ایک عظیم علمی و ثقافتی اقدام ہے، جس کے لیے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی اور عتباتِ عالیات سمیت علمی، فکری اور ثقافتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے

انہوں نے بتایا کہ مشاورت کے نتیجے میں منصوبے کے لیے تزویراتی منصوبے اور خصوصی مطالعات تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

اس سلسلے میں آئندہ اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں شریک اداروں کے درمیان مشترکہ پروگراموں اور مستقبل کے لائحۂ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی

حرم حضرت عباسؑ کے ادارۂ تراث عالی کے سربراہ ڈاکٹر سید عبدالحکیم الصافی نے بتایا کہ رابطہ کمیٹیوں نے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ہزار سالہ جشن کے لیے متعدد بنیادی موضوعات پر غور کیا، جن میں علمی، ثقافتی، فکری، سماجی اور تاریخی ورثے کے مختلف پہلو شامل ہیں

اس کے علاوہ معاشرے میں حوزہ علمیہ کے اثرات اور دیگر علمی مراکز کے ساتھ اس کے علمی روابط کا بھی جائزہ لیا گیا

انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں ان موضوعات پر کام کرنے کے لیے بنیادی خطوط متعین کیے گئے اور ہر شعبے سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا

آئندہ تقریبات میں ثقافتی پروگرام، علمی کانفرنسیں اور دیگر متنوع سرگرمیاں شامل ہوں گی، جن کے ذریعے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے تاریخی، علمی اور فکری کردار کو اجاگر کیا جائے گا

ڈاکٹر سید عبدالحکیم الصافی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حرم امام علیؑ اس منصوبے کی سرپرستی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، کیونکہ نجف اشرف کو تاریخی اور دینی اعتبار سے خصوصی مقام حاصل ہے

یہ شہر امیرالمؤمنین امام علی بن ابی طالبؑ کے روضۂ مبارک کی میزبانی کے ساتھ حوزہ علمیہ کی علمی تاریخ اور دینی علوم و معارف کی ترویج میں بھی نمایاں حیثیت رکھتا ہے

ان رابطہ اجلاسوں کا بنیادی مقصد عتباتِ عالیات اور علمی و ثقافتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ہزار سالہ جشن کے حتمی پروگرام کو مرتب کرنا ہے، تاکہ حوزہ علمیہ کے علمی کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس کے ایک ہزار سال سے زائد عرصے پر محیط علمی و فکری ورثے کو بھی زندہ رکھا جا سکے

المرفقات

العودة إلى الأعلى