نجف اشرف: پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقینؑ کے مشاعرے میں بین الاقوامی شعرا کی شرکت

2026-09-03 08:12

حرم امیر المؤمنینؑ کے زیر اہتمام پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقینؑ کی تقریبات کے ضمن میں پانچویں بین الاقوامی عربی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں عراق سمیت مختلف عرب ممالک اور ایران سے تعلق رکھنے والے نامور شعرا نے شرکت کی

مشاعرہ صحنِ سیدہ فاطمہؑ میں منعقد ہوا، جس میں حرم علوی کے سیکرٹری جنرل سید عیسیٰ الخرسان، مختلف مقدس روضوں اور زیارت گاہوں کے نمائندگان، نجف اشرف کے گورنر، متعدد دینی، سرکاری، علمی و ثقافتی شخصیات، ادیبوں، شعرا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کے بعد حرم علوی کے سیکرٹری جنرل کے ثقافتی و ابلاغی امور کے مشیر احمد القرشی نے خطاب کیا

انہوں نے نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے اظہار، آپؐ اور اہل بیتؑ کے فضائل کو اجاگر کرنے اور ان کے تذکرے کو عام کرنے میں شاعری کے اہم کردار پر روشنی ڈالی

انہوں نے تمام شعرا کو امیر المؤمنینؑ کے جوار میں خوش آمدید بھی کہا

مشاعرے میں مصر، لبنان، لیبیا، سلطنتِ عمان، مراکش، سوڈان اور ایران کے شعرا کے علاوہ نجف اشرف اور عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے شعرا نے بھی شرکت کی۔ شعرا نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ، ولایتِ محمدی اور آپؐ و اہل بیتؑ کے فضائل و مناقب پر مشتمل نعتیہ اور مذہبی کلام پیش کیا

عراقی شاعر احمد کاظم خضیر نے مشاعرے کو ادبی تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھنے والا پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ یہ نجف اشرف میں منعقد ہوتا ہے اور مختلف عرب و اسلامی ممالک سے ایسے شعرا کو یکجا کرتا ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں شاعری کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مشاعرے میں ہجرت متأخرہ کے عنوان سے اپنا قصیدہ پیش کریں گے

ایرانی شاعر مرتضیٰ حیدری نے بھی مشاعرے کو اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام قرار دیا۔ ان کے مطابق اس کی انفرادیت انعقاد کے انداز، مقدس مقام اور شعرا کی شرکت کے منفرد ماحول میں نمایاں ہوتی ہے، بالخصوص دینی اور نعتیہ شاعری کے میدان میں

انہوں نے پہلی مرتبہ مشاعرے میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا قصیدہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے موضوع پر مشتمل ہے

بین الاقوامی عربی مشاعرے کی سرگرمیاں دو روز تک جاری رہیں گی، جبکہ پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقینؑ کی دیگر تقریبات بھی جاری ہیں

حرم امیر المؤمنینؑ کی جانب سے منعقد ہونے والے اس ہفتے میں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپؐ کے فرزندِ گرامی امام جعفر صادقؑ کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے دینی، ثقافتی، سماجی، اعزازی، فنی اور تاریخی نوعیت کی مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے

المرفقات

العودة إلى الأعلى