حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ممتاز استاد علامہ سید احمد اشکوری کا وارثُ الأنبیاء قرآنی اسکول اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد: حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ممتاز استاد علامہ سید احمد اشکوری نے ایک وفد کے ہمراہ پاکستان میں حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کے زیرِ اہتمام قائم وارثُ الأنبیاء قرآنی اسکول، اسلام آباد کا دورہ کیا
اس موقع پر مہمان وفد نے اسکول میں جاری تعلیمی، تربیتی اور قرآنی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ادارے میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی دینی و عصری تعلیم اور حفظِ قرآنِ کریم کے پروگرام سے آگاہی حاصل کی
وارثُ الأنبیاء قرآنی اسکول پاکستان کے نمایاں اقامتی تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں حفظِ قرآنِ کریم کے ساتھ ساتھ معیاری دینی و عصری تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ ادارے میں طلبہ کی علمی، اخلاقی اور فکری تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، جبکہ ساتویں جماعت سے میٹرک تک تعلیم کا انتظام ہے
اس ادارے میں پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں سے طلبہ کو ٹیسٹ اور انٹرویو کے ذریعے داخلہ دیا جاتا ہے۔ مکمل اقامتی نظام کے تحت طلبہ کو تعلیم، رہائش اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں
وارثُ الأنبیاء قرآنی اسکول کو روضۂ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ امورِ دینیہ نے متولیِ شرعی کی ہدایت اور پاکستان میں وکیلِ مرجعِ دینیِ اعلیٰ کے تعاون سے قائم کیا ہے۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد قرآنِ کریم کی تعلیم و ترویج، نئی نسل کے سینوں کو نورِ قرآن سے منور کرنا اور ایسے طلبہ کی تربیت کرنا ہے جو قرآنی تعلیمات اور اسلامی اقدار کے امین بن سکیں
علامہ سید احمد اشکوری اور ان کے ہمراہ وفد نے اسکول میں جاری تعلیمی و قرآنی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی قرآنی، فکری اور اخلاقی تربیت عصرِ حاضر کی ایک اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے وارثُ الأنبیاء اسکول کی جانب سے اس مقصد کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا
انہوں نے مزید کہا کہ روضۂ امام حسین علیہ السلام پاکستان سمیت مختلف ممالک میں قرآنی، تعلیمی اور تربیتی منصوبوں کی سرپرستی اور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، کیونکہ یہ منصوبے نئی نسل کی مؤثر انسان سازی اور امام حسین علیہ السلام کے پیغام میں مضمر الٰہی و انسانی اقدار کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں
دورے کے اختتام پر علامہ سید احمد اشکوری نے ادارے کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابیوں اور توفیقات کی دعا کی



