نجف اشرف: استادِ حوزہ سید ریاض حکیم کی کلیسائے کلدانیہ کے سربراہ سے ملاقات
حوزہ علمیہ نجف اشرف کے استاد سید ریاض حکیم نے نجف اشرف میں عراق و عالم میں کلیسائے کلدانیہ کے سربراہ بطریرک مار پولس سوم نونا سے ملاقات کی
ملاقات میں ان کے ہمراہ معاونِ بطریرکی مطران باسل یلدو اور عراق میں پاپائی سفیر مونسینور میروسلاف ستانیسلاف واخوفیسکی بھی موجود تھے
ملاقات کے دوران مذہبی شخصیات اور دینی قیادت کے درمیان روابط اور باہمی ملاقاتوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ایسے روابط کے ذریعے پرامن بقائے باہمی کے فروغ، معاشرتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے استحکام میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے
بطریرک مار پولس سوم نونا نے عراق میں پرامن بقائے باہمی کے فروغ اور استحکام میں دینی مرجعیت کے کردار کو سراہتے ہوئے اس حوالے سے اپنی قدردانی کا اظہار کیا
سید ریاض حکیم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات اور کشمکش کو معاشرتی تعلقات اور قومی یکجہتی پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دینی رہنماؤں اور مذہبی شخصیات کو مشترکہ کوششوں کے ذریعے معاشروں میں روحانی اقدار اور اخلاقی اصولوں کو فروغ دیتے ہوئے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے اور اشتعال انگیزی، انتہاپسندی اور تشدد سے اجتناب کرنا چاہیے
انہوں نے مغرب میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی جانب بھی اشارہ کیا اور وہاں کی روحانی قیادت، بالخصوص پوپِ روم سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خاتمے اور مختلف مذاہب کے درمیان باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کریں۔


