حرمِ امام حسینؑ کی دعوت پر پاکستانی وفد کی نجفِ اشرف میں حاضری، علمی و دینی مراکز کا دورہ

2026-07-22 00:30

حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام امام حسینؑ ثقافتی سنٹر اسلام آباد کی کاوشوں سے پاکستان کی معروف دینی، سیاسی اور میڈیا شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے عراق کے مقدس اور علمی شہر نجفِ اشرف کا دورہ کیا۔

حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام امام حسینؑ ثقافتی سنٹر اسلام آباد کی کاوشوں سے پاکستان کی معروف دینی، سیاسی اور میڈیا شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے عراق کے مقدس اور علمی شہر نجفِ اشرف کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران سابق امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان جناب سراج الحق اور معروف صحافی و اینکر پرسن ارشاد بھٹی نے نجفِ اشرف میں روضۂ مبارک حضرت امام علیؑ کی زیارت کی اس کے ساتھ وفد نے معروف علمی و دینی ادارے دارالعلم امام خوئیؒ سمیت متعدد اہم علمی، تحقیقی اور دینی مراکز کا بھی دورہ کیا

اس موقع پر حرمِ امام حسینؑ کے بین الاقوامی میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر جناب حیدر منگوشی اور شعبۂ اُردو کے سربراہ شیخ اشرف زیشان نے وفد کو نجفِ اشرف کی تاریخی، علمی اور دینی حیثیت، مرجعیتِ علیا کے کردار، مختلف علمی، دینی اور ثقافتی مراکز کے تعارف اور ان کی خدمات سے آگاہ کیا

دورۂ نجفِ اشرف کے دوران وفد نے شہر کے متعدد ممتاز علمی و تحقیقی مراکز، تاریخی کتب خانوں اور دینی اداروں کا تفصیلی جائزہ لیا، جہاں انہیں صدیوں پر محیط علمی ورثے، نادر مخطوطات، جاری تحقیقی منصوبوں اور علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔ وفد نے ان اداروں میں علمی سرمایہ کے تحفظ، تحقیق کے فروغ اور طلبہ و محققین کو فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کا بھی مشاہدہ کیا

وفد نے دارالعلم امام خوئیؒ کا خصوصی دورہ بھی کیا، جہاں ادارے کی تعلیمی، تحقیقی اور دینی خدمات، علمی پروگراموں اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر پاکستان اور عراق کے دینی و علمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون، علمی تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا

اس موقع پر جناب سراج الحق نے نجفِ اشرف کے علمی و دینی اداروں کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمِ اسلام کے علمی مراکز کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنا کر تحقیق، تعلیم اور فکری تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں

دورے کے اختتام پر وفد نے نجفِ اشرف کے علمی، دینی اور ثقافتی مراکز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان علمی، ثقافتی اور دینی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى