بصرہ سے المثنیٰ تک 838 حسینی مواکب زائرینِ اربعین کی خدمت کے لیے تیار

2026-07-16 12:39

صوبہ ذی قار نے ایران اور کویت سے پیدل سفر کرتے ہوئے اربعینِ حسینی کے لیے کربلا معلیٰ آنے والے زائرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں

عشقِ امام حسینؑ سے سرشار زائرین عراق کے مختلف شہروں کے علاوہ ایران اور کویت سے بھی سینکڑوں کلومیٹر کا پیدل سفر طے کرکے کربلا معلیٰ پہنچتے ہیں

ان کے استقبال اور خدمت کے لیے مقامی افراد نے راستوں میں خیمے نصب کر دیے ہیں، جبکہ قیام، طعام، ٹھنڈے پانی، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی مکمل انتظام کر لیا گیا ہے

ذی قار میں ہیئتِ مواکبِ حسینیہ کے ذمہ دار رحیم الزیدی نے بتایا کہ بصرہ کی سرحد سے لے کر صوبہ المثنیٰ کی سرحد تک قائم تمام حسینی مواکب کے لیے لاجسٹک اور خدماتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے

انہوں نے مزید بتایا کہ بصرہ سے المثنیٰ کی سرحد تک 838 سے زائد حسینی مواکب مختلف مقامات پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں اربعینِ امام حسینؑ میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو رہائش، کھانے پینے، آرام، طبی سہولیات اور دیگر ضروری خدمات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی

انہوں نے کہا کہ اہلِ عراق زائرینِ امام حسینؑ کی خدمت کو اپنے لیے اعزاز، سعادت اور عبادت سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس عظیم خدمت میں بچے، نوجوان، بزرگ اور خواتین، سب اپنی اپنی استطاعت کے مطابق بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور محبت و اخلاص کے ساتھ زائرین کی میزبانی کرتے ہیں، جو اربعینِ حسینی کی منفرد اور بے مثال روایت ہے

العودة إلى الأعلى