قم: حرمِ امام حسینؑ کے زیرِ اہتمام نویں سالانہ قرآنی تربیتی کورس کا آغاز
حرمِ امام حسینؑ کے زیرِ انتظام بین الاقوامی مرکزِ تبلیغِ قرآن نے قم مقدسہ میں اپنے ذیلی مرکز میں قرآنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے نویں سالانہ تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا
اس دو ہفتے پر مشتمل پروگرام میں عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے 27 حافظ اور قاری شریک ہیں، جبکہ افتتاحی تقریب میں متعدد ممتاز قرآنی شخصیات نے بھی شرکت کی
بین الاقوامی مرکزِ تبلیغِ قرآن کے ڈائریکٹر استاد منتظر المنصوری نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حرمِ امام حسینؑ کی سرپرستی میں مسلسل نویں سال قرآنی صلاحیتوں کی سرپرستی اور تربیت کا قومی منصوبہ منعقد کیا جا رہا ہے
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں 27 حافظ اور قاری عراق کے 9 صوبوں کی نمائندگی کر رہے ہیں، جن میں کربلا، نجف اشرف، بابل، بغداد، دیوانیہ، واسط، میسان، ذی قار اور بصرہ شامل ہیں
انہوں نے مزید بتایا کہ پروگرام کے علمی پہلو کی نگرانی عراق اور بیرونِ عراق سے تعلق رکھنے والے ماہر اساتذہ کر رہے ہیں۔ تربیتی نصاب میں حفظِ قرآن میں مہارت، تلاوت و ترتیل کی فنی ادائیگی، تفسیرِ قرآن، تدبرِ قرآن، علمِ رسمِ قرآن، موضوعاتی حفظ، تدبری تلاوت، فنِ انشاد، فقہ، عقائد، اخلاق، احکامِ تجوید، قرآنی اداروں کا انتظام، وقف و ابتدا کی عملی مشقیں، عربی زبان اور قرآن، نیز قرآنِ کریم کی خدمت میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے مؤثر استعمال جیسے اہم موضوعات شامل ہیں
استاد منتظر المنصوری نے بتایا کہ اس سال کے پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ ڈیجیٹل ترقی کے تقاضوں کے پیشِ نظر کئی نئے موضوعات کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بالخصوص قرآنِ کریم کی خدمت میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے طریقوں پر خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ شرکاء جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکیں
اس کے علاوہ منہجِ تدبرِ قرآن پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، جو اس سال کے پروگرام کا نمایاں امتیاز ہے



