ہار، جیت اور خوف کی نفسیات کا اسلامی تصور

انسانی زندگی اگر گہرائی سے دیکھی جائے تو یہ محض ایام و لیالی کا ایک سلسلہ نہیں بلکہ ایک مسلسل معرکہ ہے—ایک ایسی خاموش جنگ جو ہر لمحہ جاری ہے

یہ جنگ کبھی ظاہر میں لڑی جاتی ہے اور کبھی باطن میں، کبھی میدانوں میں اور کبھی دل کے اندر۔ انسان ہر روز اس کشمکش کا حصہ بنتا ہے، اور ہر دن اس کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ ہوتا ہے: یا وہ جیتتا ہے یا ہار جاتا ہے۔ یہ جیت اور ہار محض ظاہری کامیابی یا ناکامی کا نام نہیں، بلکہ ایک نفسیاتی اور روحانی کیفیت کا مظہر ہے جس کا تعلق انسان کے اندرونی نظام سے ہے

انسان کے دو بنیادی دشمن ہیں: ایک داخلی اور دوسرا خارجی۔ خارجی دشمن وہ ہے جو باہر کی دنیا میں موجود ہے کوئی فرد، کوئی گروہ، یا کوئی ایسی قوت جو انسان کے خلاف برسرِ پیکار ہو

مگر اس سے کہیں زیادہ خطرناک اور فیصلہ کن دشمن وہ ہے جو انسان کے اپنے اندر موجود ہے، یعنی اس کا نفس۔ یہی وہ دشمن ہے جس کے بارے میں اسلامی تعلیمات میں جہادِ اکبر کا عنوان دیا گیا ہے

اس داخلی جنگ کی شدت اور اہمیت اس قدر ہے کہ اگر انسان اس میں کامیاب ہو جائے تو خارجی دشمن اس کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا، اور اگر وہ اس میں ناکام ہو جائے تو بیرونی فتوحات بھی بے معنی ہو جاتی ہیں

انسان کا نفس ہر لمحہ اسے آزمائش میں ڈالتا ہے۔ کبھی خواہشات کے ذریعے، کبھی خوف کے ذریعے، اور کبھی سستی و غفلت کے ذریعے اسے راہِ خدا سے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ نفس ایک ایسے حریف کی مانند ہے جو ہر وقت انسان کے ساتھ ہے اور اس کے ہر قدم پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اگر انسان اپنے نفس کو قابو میں کر لے، اسے راہِ خدا کے تابع بنا دے، اور اپنی خواہشات کو الٰہی احکامات کے تابع کر دے تو وہ حقیقی معنوں میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ لیکن اگر وہ اپنے نفس کا غلام بن جائے، اس کی خواہشات کے پیچھے چلنے لگے تو وہ ہار جاتا ہے، چاہے دنیا اسے کامیاب ہی کیوں نہ سمجھے

یہ داخلی جنگ ہر لمحہ جاری رہتی ہے۔ اس میں نہ کوئی وقفہ ہے اور نہ کوئی چھٹی۔ انسان سوتے جاگتے، چلتے پھرتے، ہر حال میں اس معرکے کا حصہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس جنگ کی نوعیت کو سمجھنا اور اس میں کامیابی کے اصولوں کو جاننا انتہائی ضروری ہے

دوسری طرف خارجی دشمن کا معاملہ ہے۔ یہ دشمن کبھی ایک فرد کی صورت میں ہوتا ہے، کبھی ایک نظام کی صورت میں، اور کبھی کسی غیر مرئی قوت کی شکل میں۔ مگر ایک اہم حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی خارجی دشمن سے مقابلہ کرنے سے پہلے انسان کو ایک اور دشمن کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور وہ ہے خوف ,خوف ایک ایسی نفسیاتی کیفیت ہے جو انسان کی قوتِ ارادی کو کمزور کر دیتی ہے، اس کے حوصلے کو پست کر دیتی ہے، اور اس کے فیصلوں کو متزلزل کر دیتی ہے

درحقیقت، میدانِ جنگ میں شکست کا آغاز تلوار کے ٹکرانے سے پہلے ہی ہو جاتا ہے۔ اگر انسان خوف کے سامنے ہار مان لے تو وہ عملی جنگ میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ اس کے برعکس، اگر وہ خوف کو شکست دے دے، اپنے دل کو مضبوط کر لے، اور اپنے یقین کو مستحکم کر لے تو کوئی بھی بیرونی دشمن اسے شکست نہیں دے سکتا۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ انسان کی جیت اور ہار کا اصل میدان اس کا باطن ہے، اور اس میدان میں فیصلہ اس کی نفسیات کرتی ہے

یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر اس خوف پر قابو کیسے پایا جائے؟ کیا کوئی ایسا اصول یا نسخہ ہے جو انسان کو اس نفسیاتی کمزوری سے نجات دلا سکے؟ اسلامی تعلیمات اس حوالے سے ایک نہایت جامع اور عمیق رہنمائی فراہم کرتی ہیں

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ایک روایت اس مسئلے کی گہرائی کو واضح کرتی ہے:

من خاف اللہ أخاف اللہ من کل شیء ومن لم یخف اللہ أخاف من کل شیء

یعنی جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے، اللہ ہر چیز کو اس سے ڈرا دیتا ہے، اور جو اللہ سے نہیں ڈرتا، اللہ اسے ہر چیز سے ڈرا دیتا ہے

یہ روایت دراصل انسانی نفسیات کے ایک بنیادی اصول کو بیان کرتی ہے۔ انسان کی زندگی میں “خوف” کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، بلکہ ضروری یہ ہے کہ اس خوف کی سمت درست ہو۔ اگر انسان کے دل میں خوفِ خدا موجود ہو تو وہ باقی تمام خوفوں سے آزاد ہو جاتا ہے، کیونکہ اس کا تعلق ایک ایسی ہستی سے قائم ہو جاتا ہے جو ہر چیز پر قادر ہے۔ اس کے برعکس، اگر انسان کے دل میں خوفِ خدا نہ ہو تو وہ ہر چھوٹی بڑی چیز سے ڈرنے لگتا ہے، کیونکہ اس کے پاس کوئی مضبوط سہارا نہیں ہوتا

قرآنِ کریم بھی اسی حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے:ان الذین قالو ربنا اللہ ثم استقاموا فلا خوف علیہم و لا ہم یحزنون

یعنی جو لوگ کہتے ہیں کہ ہمارا رب اللہ ہے اور پھر اس پر استقامت اختیار کرتے ہیں، ان کے لیے نہ کوئی خوف ہے اور نہ کوئی غم

اس آیت میں دو بنیادی عناصر بیان کیے گئے ہیں: ایمان اور استقامت۔ صرف زبانی اقرار کافی نہیں، بلکہ اس یقین پر عملی طور پر قائم رہنا ضروری ہے۔ جب انسان اس حقیقت کو دل سے مان لیتا ہے کہ اس کائنات کا نظام ایک قادرِ مطلق ہستی کے ہاتھ میں ہے، اور پھر اپنی زندگی کو اسی یقین کے مطابق ڈھال لیتا ہے، تو اس کے اندر سے غیر ضروری خوف ختم ہو جاتا ہے

یہاں “رب” کے مفہوم کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ رب صرف خالق نہیں بلکہ مدبر بھی ہے یعنی وہ ہستی جو اس کائنات کے ہر نظام کو منظم اور مرتب کر رہی ہے۔ جب انسان کو اس بات کا یقین ہو جاتا ہے کہ ہر چیز اسی کے قبضۂ قدرت میں ہے، تو وہ کسی اور سے خوفزدہ نہیں ہوتا، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ کوئی بھی طاقت مستقل اور خودمختار نہیں

تاہم، یہاں ایک اور اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ خوفِ خدا سے مراد کیا ہے؟ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ انسان خدا کی سزا سے ڈرے، جہنم کے عذاب سے خوفزدہ ہو، یا کسی اور ظاہری سزا کے تصور سے لرزتا رہے؟ اسلامی تعلیمات اس تصور کی اصلاح کرتی ہیں

حضرت علی علیہ السلام کا ارشاد ہے:

لا تخافوا ظلم ربکم ولکن خافوا ظلم أنفسکم

یعنی اپنے رب کے ظلم سے مت ڈرو بلکہ اپنے نفس کے ظلم سے ڈرو۔

یہ جملہ خوفِ خدا کی حقیقی روح کو واضح کرتا ہے۔ خداوندِ کریم ظالم نہیں بلکہ رحیم و کریم ہے۔ اس کی ذات سراپا محبت ہے۔ لہٰذا خوفِ خدا کا مطلب خدا کی ذات سے خوفزدہ ہونا نہیں بلکہ اپنے اعمال کے نتائج سے باخبر ہونا ہے۔ یہ ایک اخلاقی بیداری ہے، ایک اندرونی احتساب ہے، جو انسان کو گناہ سے روکتا ہے

اسی مفہوم کو مزید واضح کرتے ہوئے حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں:

“لا تخف الا ذنبک ولا ترج الا ربک”

یعنی صرف اپنے گناہ سے ڈرو اور صرف اپنے رب سے امید رکھو

یہی وہ توازن ہے جو انسان کو نفسیاتی استحکام عطا کرتا ہے۔ ایک طرف خوف جو اسے برائی سے روکتا ہے، اور دوسری طرف امید جو اسے نیکی کی طرف بڑھاتی ہے۔ اگر یہ دونوں عناصر متوازن ہوں تو انسان نہ مایوسی کا شکار ہوتا ہے اور نہ ہی غرور کا

آخرکار، انسان کی کامیابی کا راز اسی میں پوشیدہ ہے کہ وہ اپنے نفس پر قابو پائے، خوف کو صحیح رخ دے، اور اپنے ایمان کو استقامت کے ساتھ زندہ رکھے۔ یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو حقیقی کامیابی تک پہنچاتا ہے ایسی کامیابی جو نہ صرف دنیا میں بلکہ آخرت میں بھی اس کے لیے باعثِ فخر ہو

شاید اسی حقیقت کا عملی اظہار حضرت علی علیہ السلام کے اس تاریخی جملے میں ملتا ہے جو انہوں نے اپنی زندگی کے آخری لمحات میں فرمایا:فزت ورب الکعبۃ

یعنی ربِ کعبہ کی قسم! میں کامیاب ہو گیا۔

یہ جملہ اس بات کا اعلان ہے کہ حقیقی کامیابی تلوار کی جیت یا دنیاوی غلبے میں نہیں، بلکہ اس داخلی جنگ میں فتح حاصل کرنے میں ہے جس میں انسان اپنے نفس، اپنے خوف، اور اپنی کمزوریوں پر غالب آتا ہے۔ یہی وہ کامیابی ہے جو انسان کو ابدی عزت اور حقیقی سکون عطا کرتی ہے۔

العودة إلى الأعلى