پاکستان :حرم امام حسین علیہ السلام کے وفد کا کامیاب دورۂ ،علمی و ثقافتی تعاون کے نئے باب کا آغاز

2025-10-27 12:03

حرمِ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ اعلام و ثقافت سے وابستہ اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان میں اپنے چھ روزہ علمی، دینی اور ثقافتی دورے کے بعد آج عراق واپس روانہ ہوگیا

حرمِ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ اعلام و ثقافت سے وابستہ اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان میں اپنے چھ روزہ علمی، دینی اور ثقافتی دورے کے بعد آج عراق واپس روانہ ہوگیا۔ اس بابرکت دورے کو پاکستان اور روضۂ امام حسین علیہ السلام کے درمیان علمی، ثقافتی، مذہبی اور میڈیا تعاون کے ایک نئے اور روشن باب کے آغاز کے طور پر دیکھا جارہا ہے

اس دورے کے دوران وفد نےاسلام آباد اور روالپنڈی میں مختلف دینی و علمی مراکز اور تقریبات میں شرکت کی

وفد نےاسلام آباد میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے ثقافتی دفتر کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں ۲۲ اکتوبر کو جامعہ الکوثر اسلام آباد میں ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علماء، اساتذہ، محققین، دانشور خواتین و حضرات اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی

اس تقریب کے بعد امام حسین ثقافتی سنٹر کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا، اس دفتر کے قیام کا مقصد حرم امام حسین علیہ السلام اور پاکستانی عوام کے مابین ثقافتی روابط اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے

جبکہ ۲۳ اکتوبر کو حرم امام حسین علیہ السلام کے زیر اہتمام جامعہ الکوثر کے تعاون سے ایک بین الاقوامی علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے نامور علماء کرام و مشائخ عظام نے بڑی تعداد میں شرکت کی

اس کانفرنس کا مقصد وحدتِ امت، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور فکرِ حسینی کے عالمی پیغام کو اجاگر کرنا تھا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق پیش کرنے اور عملی سطح پر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔پاکستان میں قیام کے دوران وفد کے اراکین نے متعدد علمی و ثقافتی اداروں کا دورہ بھی کیا

ان اداروں میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان، نیشنل رحمت للعالمین اتھارٹی اور دیگر تحقیقی و فکری مراکز شامل تھے، جہاں وفد نےان اداروں کی انتظامیہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں

ان ملاقاتوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، ثقافتی تبادلوں، میڈیا تعاون اور تعلیمی ورکشاپس کے امکانات پر گفتگو کی گئی

اس کے علاوہ وفد کو پاکستان کے معروف مذہبی مراکز کا دورہ بھی کروایا گیا، جن میں راوالپنڈی کا تاریخی کیتھڈرال چرچ خاص طور پر قابلِ ذکر ہے جہاں وفد نے پاکستانی مسیحی برادری کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ دورے کے پانچویں روز وفد نے حرمِ امام حسین علیہ السلام کے زیرِ انتظام سرگرم عمل "وارث الانبیاء اسکول" اسلام آباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں طلباء اور اساتذہ نے معزز مہمانوں کا نہایت شاندار اور پُرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانانِ گرامی اور طلباء کے درمیان خصوصی نشست کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں طلباء کو حوصلہ افزائی کے طور پر انعامات سے نوازا گیا

اسی روز وفد نے جامعہ الکوثر کی جانب سے قائم کردہ "الکوثر انٹرنیشنل اسپتال" اور "پاکستان انٹرنیشنل یونیورسٹی" کے سائٹ پروجیکٹس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں انتظامی امور، ترقیاتی کاموں اور مستقبل کے منصوبہ جات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

چھٹے اور آخری روز وفد نے سیاحتی مقام مری کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں وہاں کے مومنین نے نمائندگانِ حرم امام حسین علیہ السلام کا والہانہ اور پرتباک استقبال کیا۔

اپنے دورۂ پاکستان کے اختتام پر حرمِ امام حسین علیہ السلام کے وفد نے جامعہ الکوثر کے منتظمین کاشکریہ ادا کیا اور اس کے ساتھ ساتھ ان دیگر اداروں کا بھی جہاں انہوں نے دورہ کیا تھا ان سب کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی علمی و ثقافتی سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا

المرفقات

العودة إلى الأعلى