دنیا کے بڑے میڈیا ہاؤسز نے کربلاء سے مراسمِ عاشوراء کی تاریخی کوریج کی

2025-07-06 15:08

یومِ عاشوراء: کربلاء میں عزاداری کی تقاریب کی کوریج میں 800 سے زائد صحافیوں اور 600 سے زیادہ میڈیا ہاؤسز کی شرکت

کربلاء :نقابۂ صحافیان کربلاء کے سربراہ حسین الشمری نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام کی عزاداری، بالخصوص علمِ مبارک کی تبدیلی سے لے کر یومِ عاشوراء تک منعقد ہونے والی مجالس، جلوسوں اور مراسم کی کوریج کے لیے 600 سے زائد ملکی و بین الاقوامی میڈیا ادارے کربلاء پہنچے۔ یہ شہرِ مقدس کی تاریخ کی سب سے بڑی میڈیا کوریج شمار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی کو دیے گئے بیان میں کہا کہ دنیا بھر سے نیوز ایجنسیز، ٹی وی چینلز، اخبارات، یوٹیوبرز، سوشل میڈیا ایکٹیویٹس، کانٹینٹ کریئیٹرز اور پروفیشنل فوٹوگرافرز کربلاء میں موجود ہیں تاکہ ان روح پرور مناظر کو دنیا بھر تک پہنچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 30 سے زائد لائیو براڈکاسٹ یونٹس (SNG) اور سوشل میڈیا سینٹرز فعال ہیں، جو عاشورائی مجالس و عزاداری کو براہِ راست عراق سمیت عالمی ناظرین تک پہنچا رہے ہیں۔

شمری نے مزید بتایا کہ اس وسیع تر کوریج میں 800 سے زائد صحافی شریک ہیں، جو مقامی، عربی اور بین الاقوامی اداروں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہاں بھرپور میڈیا موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ امام حسینؑ کی یاد اور ان کی تحریک نہ صرف دینی، بلکہ انسانی سطح پر بھی ایک عالمی پیغام بن چکی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ روضۂ امام حسینؑ اور روضۂ حضرت عباسؑ کی جانب سے میڈیا ٹیموں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں مفت انٹرنیٹ سروس، رہائش، انٹرویوز کے لیے مخصوص پلیٹ فارمز، اور پریس کارڈز کا اجرا شامل ہے، تاکہ صحافی آسانی سے حرم کے اندر اور باہر کے حساس علاقوں میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

آخر میں حسین الشمری نے سیکیورٹی اداروں کی ان کوششوں کو سراہا جنہوں نے ان ایامِ غم میں صحافیوں اور میڈیا عملے کے لیے ایک محفوظ، منظم اور معاون ماحول فراہم کیا

یہ تمام کاوشیں امام حسینؑ کے پیغامِ حق کو پوری دنیا تک پہنچانے کا ذریعہ بن رہی ہیں

المرفقات

العودة إلى الأعلى