حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے روزانہ 4000 سے زائد برف کے بلاک مواکب اور سیکیورٹی فورسز کو مفت فراہم کیے جا رہے ہیں
روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کی جانب سے زائرینِ کرام کی خدمت کے لیے مرتب کی گئی منصوبہ بندی کے تحت، خدماتی شعبہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں برف کے بڑے بلاکس اور برف کی پٹیاں بلامعاوضہ تقسیم کر رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ، کربلا شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کا ٹھنڈا اور صاف پانی بھی فراہم کیا جا رہا ہے
خدماتی شعبہ کے سربراہ انجینئر عبد الحسن محمد نے بتایا کہ روضۂ حسینی کے برف سازی کے کارخانے، جو دو سال قبل بین الاقوامی معیار کے مطابق قائم کیے گئے تھے، جو روزانہ چار ہزارسے زائد برف کے بلاک تیار کرتے ہیں، جو حسینی مواکب، سیکیورٹی فورسز اور سرکاری اداروں کو مفت فراہم کیے جاتے ہیں
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ شارع شہدا کے آخر میں واقع حرم کی آئس فیکٹری 24 گھنٹے مسلسل کام کرتی ہے اور روزانہ65 ٹن برف کے بلاکس تیار کیے جاتے ہیں، جو موسمِ گرما کی شدت کے پیشِ نظر بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرتے ہیں، اور زائرین کی سہولت کے لیے مواکب کے ذریعے مفت تقسیم کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خدمت مقدار اور تسلسل کے لحاظ سے روضۂ حسینی کی ایک نمایاں خصوصیت بن چکی ہے۔ اس کے علاوہ، خدماتی شعبہ کربلا کے ان علاقوں میں بھی پانی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے جہاں پینے کے صاف پانی کی قلت ہے۔ ان علاقوں میں نہ صرف نلکے کا پانی بلکہ RO فلٹر شدہ پانی بھی فراہم کیا جا رہا ہے، تاکہ زائرین اور مقامی شہری یکساں طور پر مستفید ہو سکیں ، اور امام عالی مقام علیہ السلام کی پیاس کو یاد کرتے ہوئے خدمتِ خلق کی اس روایت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
جیسا کہ امام حسین علیہ السلام نے روزِ عاشورا ارشاد فرمایا اے میرے شیعو! جب بھی ٹھنڈا پانی پینا، تو میری پیاس کو یاد کرنا
یہ فقط ایک جملہ نہیں، بلکہ ایک عظیم وصیت ہے ، جو عشق، وفاداری اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ اسی وجہ سے، دنیا بھر کے عاشقانِ حسینؑ سبیلوں کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ امام مظلوم کی پیاس کو یاد رکھا جائے، اور زائرین و راہگیروں کو ٹھنڈا پانی پلانا عبادت سمجھا جائے