حرم امام حسین علیہ السلام میں محرم الحرام کی مناسبت سے سالانہ تبلیغی کانفرنس کا انعقاد

2025-06-18 14:26

روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے شعبہ امور دینیہ کے زیرِ اہتمام محرم الحرام اور صفر المظفر کی مناسبت سے سالانہ تبلیغی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلاب حوزہ علمیہ نجف اشرف کے علاوہ عراق بھر مبلغین و مبلغات نے بھرپور شرکت کی

کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں متولی شرعی حرم امام حسین علیہ السلام حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ عبد المہدی کربلائی (دام عزہ) اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے جلیل القدر اساتذہ نے شرکت فرمائی۔ اس کانفرنس کا عنوان "محرم و صفر… سرِ خلود" تھا

کانفرنس سے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ممتاز استاد علامہ سید صادق خرسان حفظہ اللہ نے خطاب کیا، اور مبلغین کی اہم ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبلغین و مبلغات کارِ رسالت کی ادائیگی کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہیں اور تعلیماتِ محمد و آل محمد علیہم السلام کو عوام تک پہنچا رہے ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ محرم سے قبل، حوزہ علمیہ کے علماء و فضلاء، مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی ہدایت پر، پیغامِ عاشورا کو عام کرنے کے لیے اس اجتماع میں شریک ہوتے ہیں

کانفرنس سے شعبہ امور دینیہ کے مدیر جناب شیخ احمد الصافی دامت برکاتہ نے بھی خطاب کیا اور کہا اس تبلیغی کانفرنس میں ہم کچھ نکات کی طرف اشارہ کرئنگے جس میں سے بعض خطباء اور اہلِ منبر کے لیے مختص ہے جبکہ کچھ نکات کا تعلق معاشرتی مسائل سے ہے

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیامِ امام حسین علیہ السلام کے مقصد کو عوام تک پہنچانے میں منبرِ حسینی کا کردار ہمیشہ سے کلیدی رہا ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پیغامِ حسینی کو حقیقی معنوں میں عام کریں اور دینِ محمدی کی ترویج میں خلوص کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں

انہوں نے واضح کیا کہ پیغامِ عاشورا محض ایک رسمی عمل تک محدود نہیں بلکہ اس کی کئی جہات ہیں؛ ان میں ایک اہم جہت امام عالی مقام علیہ السلام سے تجدیدِ عہد ہے، اور دوسری، انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا آغاز اور دینِ خالص محمدی کو آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہے

آخر میں انہوں نے کہا کہ حرم امام حسین علیہ السلام میں منعقد ہونے والی یہ سالانہ تبلیغی کانفرنس، مبلغین اور مبلغات کے لیے تجدیدِ عہد اور روحانی بیداری کا ذریعہ بنتی ہے اور پیغامِ حسینی کے مؤثر ابلاغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دورِ حاضر میں ذرائع ابلاغ نئی نسل کو گمراہی کی طرف لے جانے والے تمام اسباب فراہم کر رہے ہیں، ایسے میں محرم اور عاشورا کا پیغام ایک عظیم تبلیغی وسیلہ ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے ہمیں نسلِ نو کو حسینی فکر سے جوڑنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى