عیدِ غدیر کی مناسبت سے حرم امام علی علیہ السلام میں جشن کا روح پرور سماں
نجف اشرف:عیدِ غدیرِ اَغر کی پُرمسرت مناسبت سے حرمِ مطہر امیر المؤمنین حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام میں جشن اور خوشیوں کا روح پرور سماں ہے
نجف اشرف کا مقدس روضہ مؤمنین کی محبت، عقیدت اور ولایتی جذبے کا مرکز بن گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
حرمِ امیر المؤمنینؑ کو اس موقع پر خوبصورت جھنڈیوں، قمقوں، بینروں اور خوشبوؤں سے سجایا گیا ہے، جبکہ صحن مطہر میں میلاد، منقبت، اور قصائد کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔ ولایتی اشعار کی گونج، زائرین کی پرجوش نعرہ تکبیر و نعرہ حیدری اور بایعناک یا کرار سے فضا گونج اُٹھی ہے۔
عتبہ علویہ کے زیر انتظام خصوصی تقریبات، ثقافتی و فکری نشستیں، بچوں کے پروگرامز اور بین الاقوامی وفود کی شرکت سے یہ جشن ایک عظیم الشان منظر پیش کر رہا ہے۔ زائرین کو ضیافت، رہائش، طبی سہولیات اور دیگر خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں
عتبہ علویہ کے ایک ترجمان کے مطابق، عید غدیر نہ صرف تاریخِ اسلام کا اہم ترین دن ہے بلکہ یہ امامت و ولایت کی عظمت کا اظہار بھی ہے۔ حرم علویؑ میں منعقد ہونے والی تقریبات کا مقصد اسی پیغامِ غدیر کو زندہ رکھنا اور دنیا کو وحدت، اخوت اور عدل و انصاف کا درس دینا ہے