امریکا میں فضائی حدود کھلنے کے باوجود ایئرلائنز معمول کے مطابق پروازیں بحال کرنے میں ناکام ہیں

2026-11-15 10:41

جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں اور فضائی سفر کا بحران بدستور جاری ہے

فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے روز امریکا آنے اور جانے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوئیں

دنیا بھر میں مجموعی طور پر 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور تقریباً 20 ہزار پروازوں میں تاخیر ریکارڈ کی گئی

ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے

شکاگو کے اوہیئر ایئرپورٹ پر 559 سے زائد جبکہ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر 479 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر بھی سیکڑوں پروازیں متاثر ہوئیں، جس کے باعث متعدد مسافروں کو رات ہوائی اڈے پر گزارنا پڑی

فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ اور ڈیلٹا نے بھی اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کردیں۔ متاثرہ مسافروں کو اضافی فیس کے بغیر سفر کی نئی تاریخیں فراہم کی جارہی ہیں

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی محفوظ طریقے سے جاری ہے، تاہم طیاروں اور عملے کی دوبارہ تعیناتی اور مسافروں کی بکنگ کے مسائل کے باعث فضائی آپریشن معمول پر آنے میں وقت لگ رہا ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ اتوار کی رات تک پروازوں کا شیڈول مکمل طور پر بحال ہوسکے گا، تاہم مسافروں کو مزید تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے

العودة إلى الأعلى