حرم امام حسینؑ کے دو ہسپتال عالمی سینٹ جوڈ گلوبل الائنس میں شامل
حرم امام حسینؑ کے شعبہ صحت و طبی تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ وارث انٹرنیشنل کینسر ہسپتال اور المجتبیٰ ہسپتال برائے امراضِ خون و بون میرو ٹرانسپلانٹ باضابطہ طور پر عالمی سینٹ جوڈ گلوبل الائنس میں شامل ہوگئے ہیں
شعبہ صحت و طبی تعلیم کے مطابق یہ پیش رفت امریکہ کے سینٹ جوڈ چلڈرنز ریسرچ ہسپتال کے ساتھ طبی و علمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کے بعد عمل میں آئی ہے، جس کا مقصد خون کے سرطان اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے شعبوں میں عالمی سطح پر رائج جدید ترین علاج کے طریقۂ کار اور طبی رہنما اصول عراق منتقل کرنا ہے
شعبے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ شراکت داری تین سال کی مسلسل محنت اور عملی طور پر حاصل ہونے والے نمایاں نتائج کے بعد وجود میں آئی ہے
بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی اتحاد میں شمولیت کا مقصد ملک کے اندر سرطان کے مرض میں مبتلا بچوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے سے بچانا ہے، تاکہ ان کے اہل خانہ پر عائد ہونے والے مالی بوجھ کو بھی کم کیا جاسکے
معاہدے کے تحت سینٹ جوڈ ہسپتال میں رائج طبی رہنما اصولوں کو اپنانے کے ساتھ ساتھ جدید طبی پروٹوکولز اور تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اسی طرح عراقی طبی عملے کے لیے فیلوشپ اور مسلسل طبی تربیت کے پروگراموں میں تعاون، نیز بچوں کے سرطان اور امراضِ خون کے شعبوں میں مشترکہ سائنسی تحقیقات کی معاونت بھی اس تعاون کا حصہ ہے
بیان میں مزید بتایا گیا کہ سینٹ جوڈ ہسپتال کو طبی تحقیق اور علمی علاج کے شعبوں میں 60 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور وہاں زیرِ علاج مریضوں میں صحت یابی کی شرح 80 فیصد سے زائد ہے، جو دنیا میں بلند ترین شرحوں میں شمار ہوتی ہے
حرم امام حسینؑ کے شعبہ صحت و طبی تعلیم نے اس امر پر زور دیا کہ کربلا میں عالمی معیار کے ان طبی اصولوں کے نفاذ سے عراقی بچوں کو ایسا طبی ماحول فراہم ہوگا جو دنیا کے بہترین طبی مراکز کے معیار کے قریب ہوگا
واضح رہے کہ حرم امام حسینؑ شہریوں کو جدید اور جامع طبی سہولیات فراہم کرنے اور عراق کے شعبہ صحت کی معاونت کے لیے دنیا کے بڑے طبی مراکز کے ساتھ بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے اپنے طبی اور علمی اداروں کو مسلسل ترقی دے رہا ہے



