نجف اشرف: پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کے لیے تیاریاں مکمل
حرم امام علی ع کے زیر اہتمام رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کا انعقاد کیا جا رہا ہے
جس میں عراق اور بیرونِ ملک سے مختلف دینی، ثقافتی، فکری اور سماجی شخصیات شرکت کریں گی
مرکزِ نظم و ترقی کے سربراہ وسام اسکندر نے بتایا کہ ہفتۂ صادقین کے پانچویں ایڈیشن میں دینی، ثقافتی اور تعاملی نوعیت کی متعدد سرگرمیاں منعقد ہوں گی، جن میں معاشرے کے مختلف طبقات اور فکری حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ عراق سے باہر بھی متعدد پروگرام منعقد کیے جائیں گے
انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں مرکزی پرچم کی تبدیلی کی تقریب، قرآنی محافل، فیض الصادقین کے عنوان سے لیکچرز کا سلسلہ اور آن لائن مقابلہ شامل ہیں
اس کے علاوہ اعزازات کی تقریبات اور مختلف سماجی سرگرمیاں بھی منعقد ہوں گی، جن میں عتبہ علویہ مقدسہ کے خدام کے نومولود بچوں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی پذیرائی بھی شامل ہے
پروگرام کے تحت اشراقة النبوة کے عنوان سے نمائش، صحنِ مطہر میں مرکزی تقریب، رسولِ اعظم بین الاقوامی عربی شعری میلہ اور نوجوانوں کے لیے نبوی مشاعرہ بھی منعقد کیا جائے گا
اسی طرح خاتون اور امام جعفر صادق علیہ السلام کا مکتب کے عنوان سے فکری و مکالماتی نشست، بچوں کی ثقافت کے فروغ کے لیے منصۃ المحسن، تشریفاتی شعبوں کے ذمہ داران کا اجلاس، اور زائرین کے لیے خصوصی مہمان نوازی و طعام کے انتظامات بھی ہفتۂ صادقین کے پروگرام کا حصہ ہوں گے



