کراچی: گورنر ہاؤس سندھ میں قومی سیرت سیمینار کا انعقاد

2026-08-25 17:55

پاکستان: ماہِ ربیع الاول ایامِ ولادتِ رسولِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی مناسبت سے ’’نوجوانوں کے لیے سیرتِ نبوی ﷺ کا پیغام‘‘ کے عنوان سے قومی سیرت سیمینار گورنر ہاؤس سندھ، کراچی میں منعقد ہوا۔

پاکستان: ماہِ ربیع الاول ایامِ ولادتِ رسولِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی مناسبت سے ’’نوجوانوں کے لیے سیرتِ نبوی  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کا پیغام‘‘کے عنوان سے قومی سیرت سیمینار گورنر ہاؤس سندھ، کراچی میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں مختلف مکاتبِ فکر کے ممتاز علمائے کرام، ماہرینِ تعلیم، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔سیمینار کا مقصد سیرتِ طیبہ  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی روشنی میں نوجوان نسل کی کردار سازی اور ان کی فکری، اخلاقی و معاشرتی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی حقیقی ترقی اس کے افراد کے کردار سے وابستہ ہوتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں میں سیرتِ نبوی  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی روشنی میں سچائی، عدل، ہمدردی، رواداری، احترام اور ذمہ داری جیسی اقدار پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

نیشنل رحمت للعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے شرکاء کو کردار سازی اور سیرتِ نبوی  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  پر تحقیق کے حوالے سے اتھارٹی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں پہلی جامع کردار سازی کی حکمتِ عملی اور نصاب کے بارے میں بتایا، جو ابتدائی جماعتوں سے لے کر گریڈ 12 تک طلبہ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نصاب کو نیشنل کریکولم کونسل ونگ کی جانب سے نوٹیفائی کیا جا چکا ہے، جبکہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بھی اس کے ملک بھر میں نفاذ کی منظوری دے چکی ہے۔چیئرمین نے رحمت للعالمین یوتھ کلبز، اساتذہ کی تربیت، تعلیمی ورکشاپس، تحقیقی منصوبوں، اشاعتی سرگرمیوں اور جامعات و تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کے حوالے سے بھی تفصیلات پیش کیں۔

سیمینار سے مفتی محمد تقی عثمانی نے کلیدی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ پیر سید اظہر شاہ ہمدانی، علامہ سید رضی جعفر نقوی، ڈاکٹر سید عزیز الرحمن، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی، حاجی محمد حنیف طیب اور قاری محمد عثمان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے سیرتِ نبوی  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے مختلف پہلوؤں اور نوجوان نسل کی فکری، اخلاقی اور سماجی ترقی کے لیے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

سیمینار اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ سیرتِ رسولِ اکرم  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کو نوجوان نسل کے لیے عملی رہنمائی کا سرچشمہ بنایا جائے اور پاکستانی معاشرے میں کردار سازی، ہمدردی، ذمہ داری، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى