اسلام آباد: عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس
۱۲ ربیع الاول، عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات اور سیکیورٹی سمیت دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اسلام آباد: ۱۲ ربیع الاول، عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات اور سیکیورٹی سمیت دیگر امور کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما، مشائخ اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ۱۲ ربیع الاول کے موقع پر منعقد ہونے والی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل، جلوسوں اور دیگر مذہبی پروگراموں کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
واضح رہے کہ ہر سال ۱۲ ربیع الاول کو پاکستان بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں محافلِ میلاد اور جلوس منعقد کیے جاتے ہیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے بھی اس موقع پر ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔
اجلاس میں راولپنڈی اور اسلام آباد سے تمام مکاتبِ فکر کے نمائندہ علما و مشائخ نے شرکت کی اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر باہمی تعاون، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر تمام مذہبی پروگراموں کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے انتظامیہ اور علما و مشائخ باہمی تعاون سے اپنا کردار ادا کریں گے۔



