حرمِ امام حسینؑ عین التمر کے راستے پر بھی زائرین کی خدمت میں مصروف

2026-08-01 07:02

حرمِ امام حسینؑ کا کربلا آنے والے تمام راستوں پر زائرین کی خدمت کا سلسلہ جاری

وکیلِ مرجعیتِ دینی، شیخ عبدالمہدی کربلائی کی ہدایات اور دفترِ منصوبہ بندی و عمومی نگرانی کی زیرِ نگرانی، حرمِ امام حسینؑ ضلع عین التمر اور شہر کربلا کو ملانے والی شاہراہ پر واقع الطار کے مقام پر بھی زائرینِ اربعین کی شب و روز خدمت میں مصروف ہے

حرمِ امام حسینؑ کے دفترِ منصوبہ بندی و عمومی نگرانی کے ڈائریکٹر، سید میثم عبدالحسین نے بتایا کہ وکیلِ مرجعیتِ دینی، شیخ عبدالمہدی کربلائی کی ہدایت پر حرم کا خدماتی موکب الطار کے مقام پر مسلسل زائرین کی خدمت انجام دے رہا ہے

انہوں نے کہا کہ یہ موکب چوبیس گھنٹے فعال رہتا ہے، جہاں زائرین کے لیے کھانے پینے، رہائش، طبی امداد اور میڈیکل کیمپ سمیت جامع خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ کربلائے مقدسہ کی جانب آنے والے زائرین کی تمام ضروریات احسن انداز میں پوری کی جا سکیں

انہوں نے مزید بتایا کہ موکب میں روزانہ 7 ہزار سے 8 ہزار کھانے تقسیم کیے جاتے ہیں، جبکہ پانی، جوس، پھل اور دیگر مشروبات کی فراہمی بھی چوبیس گھنٹے جاری رہتی ہے۔ اس کے علاوہ طبی، لاجسٹک اور دیگر ضروری خدمات بھی بلا تعطل مہیا کی جا رہی ہیں

انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات زائرینِ امام حسینؑ کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور زیارتِ اربعین کے کامیاب انعقاد کے لیے حرمِ امام حسینؑ کی جانب سے تمام انسانی، فنی اور انتظامی وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا عملی مظہر ہیں

العودة إلى الأعلى