نجف اشرف: حوزۂ علمیہ کے زیرِ اہتمام مواکبِ حسینی کا تیرہواں سالانہ اربعین کانفرنس، حرمِ امام علیؑ میں منعقد
اربعینِ امام حسینؑ کی تیاریوں کے سلسلے میں حوزۂ علمیہ نجف اشرف کے زیرِ اہتمام مواکبِ حسینی کے ذمہ داران کی تیرہویں سالانہ اربعین کانفرنس حرمِ مطہر امام علیؑ میں منعقد ہوئی، جس میں ایک ہزار سے زائد حسینی مواکب کے ذمہ داران اور نمائندگان نے شرکت کی
یہ کانفرنس حرمِ امام علیؑ، حرمِ امام حسینؑ، حرمِ حضرت عباسؑ اور حرمِ امام موسیٰ کاظمؑ کے مشترکہ تعاون سے منعقد کی گئی
کانفرنس کا مقصد اربعینِ حسینی کے دوران مواکبِ حسینی کے تبلیغی، ثقافتی، دینی اور خدماتی کردار کو مزید مؤثر، منظم اور مربوط بنانا تھا، تاکہ لاکھوں زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حوزۂ علمیہ نجف کے استاد سید احمد الاشکوری نے کہا کہ زائرینِ امام حسینؑ کی خدمت کا روحانی اور معنوی پہلو اس عظیم سعادت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرینِ امام حسینؑ کی خدمت ایک عظیم شرف اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی توفیق ہے، جو ہر شخص کو نصیب نہیں ہوتی۔ اس لیے مواکب کے ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ اس عظیم ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اخلاص، محبت اور بہترین نظم و ضبط کے ساتھ زائرین کی خدمت انجام دیں اور اپنے کردار کے ذریعے حسینی اقدار اور تعلیمات کو فروغ دیں
کانفرنس میں حوزۂ علمیہ کے جید اساتذہ، علمائے کرام، فضلاء، نجف اشرف اور عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے حسینی مواکب کے ذمہ داران نے شرکت کی
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اربعینِ امام حسینؑ کے موقع پر متعلقہ اداروں، بالخصوص مقدس روضوں اور مواکب کے درمیان باہمی رابطے، ہم آہنگی اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ زائرین کو اعلیٰ معیار کی خدمات، سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جا سکے



